ہزارہ موٹر وے کے دونوں اطراف شجر کاری سے نوپود پودے درختوں میں تبدیل ہو رہے ہیں، سیکرٹری جنگلات شاہد زمان خان

پیر 28 اپریل 2025 15:47

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) محکمہ موسمیاتی تبدیلی، فارسٹری اور ماحولیات و جنگلی حیات خیبر پختونخوا کے سیکرٹری شاہد زمان خان نے اپنے دورہ ایبٹ آباد کے وران دوڑ واٹر شیڈ ڈویژن کے زیرانتظام فارسٹ نرسری نکہ پاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہزارہ ناردرن فارسٹ ریجن کے فیلڈ افسران بھی موجود تھے۔ شاہد زمان خان نے نرسری کے بہترین انتظامی کاموں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے عملہ اور افسران کی کارکردگی کو سراہا۔

سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کو ہزارہ موٹر وے کے دونوں اطراف مختلف سایہ دار درختوں کی بیج بوائی اور شجر کاری کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔ یاد رہے کہ یہ شجر کاری اور بیج بوائی گذشتہ برسوں میں مختلف شجرکاری مہمات اور مختلف قومی و عالمی ماحولیاتی دنوں کے حوالہ سے گاہے بگاہے عمل میں لائی جاتی رہی ہے، شجر کاری مہم میں محکمہ موسمیاتی تبدیلی، فارسٹری، ماحولیات و جنگلی حیات، ناردرن فارسٹ ریجن ہزارہ کے فیلڈ اہلکاران، افسران، سی ڈی اینڈ جی ڈی اے کے فیلڈ افسران اور خصوصی طور پر ان ہی ادوار میں خیبر پختونخوا فارسٹ سکول تھائی ایبٹ آباد کے زیرِ تربیت اہلکاران اور افسران نے ان شجر کاری مہمات میں حصہ لیا اور آج ہزارہ موٹروے کے دونوں اطراف کامیاب شجر کاری سے ہرے بھرے درخت سرسبز و شاداب منظر پیش کرتے ہوئے دوران سفر آنکھوں کو فرحت کا احساس دلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہزارہ موٹر وے کے دونوں اطراف شجر کاری سے نوپود پودے اب پوری آب وتاب اور بڑھوتری سے درختوں میں تبدیل ہو رہے ہیں، ان نوپود پودوں کو شجر کاری کے بعد پانی کی سیرابی انتہائی عرق ریزی اور تمام تکنیکی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹر وے کے اردگرد موجود متعلقہ فارسٹ ڈویژنوں واٹر شیڈ، اپر ہزارہ اور لوئر ہزارہ کنزرویٹرز کے زیر انتظام ہری پور فارسٹ ڈویژن، گلیز فارسٹ ڈویژن، ایبٹ آباد دوڑ واٹر شیڈ ڈویژن، مانسہرہ سرن فارسٹ اینڈ واٹر شیڈ ڈویژنز، کاغان فارسٹ ڈویژن، پیٹرول سکواڈ فارسٹ ڈویژنز، بٹگرام فارسٹ ڈویژن، تورغر فارسٹ ڈویژن، بشام واٹر شیڈ ڈویژن اور کوہستان فارسٹ ڈویژنز کے فیلڈ سٹاف نے انتہائی مستعدی اور ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے خشک سالی کے دنوں میں بھی ان ننھے پودوں کو پانی کی سیرابی کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھا اور پھر قدرت نے بھی اپنا کمال کر دکھایا اور یہ شجر کاری مہم اور بیج بوائی کا عمل کامیابی و کامرانی کی منازل طے کر رہا ہے جو (کے پی ایف سی) کے زیر تربیت اہلکاران اور ہزارہ ناردرن فارسٹ ریجن کے محکمانہ عملہ اور اعلیٰ افسران کی جانب سے ان کی بہترین انتظامی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔