جامعہ الازہر کی فرانس کی مسجد میں نمازی پر حملے کی مذمت

پیر 28 اپریل 2025 15:48

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) جامعہ الازہر نے جنوبی فرانس کی ایک مسجد میں ایک مسلمان نمازی پر چاقو سے حملے اور قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے یورپ اور امریکا میں ایسے واقعات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق جامعہ الازہر نے اس واقعے کو دہشتگردی کی واردات قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ایک اسلام دشمن انتہا پسند کی جانب سے کیا گیا۔

(جاری ہے)

بیان میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سفید فام برتری کے حامی گروہ ’’سفید قوم پرستی‘‘ جیسے نعرے استعمال کر کے مسلمانوں کے خلاف سنگین جرائم کا جواز پیش کرتے ہیں۔الازہر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کی جانوں کے تحفظ کے لئے ایک جامع اور مؤثر عالمی سکیورٹی حکمتِ عملی مرتب کرے، تاکہ اس رجحان کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔ حملہ آور نے جمعہ کو جنوبی فرانس کے علاقے گارڈ میں واقع گاؤں ’’لا گراں کومب‘‘ میں ایک مسجد کے نمازی پر درجنوں بار چاقو کے وار کئے اور پھر موبائل فون کے ذریعے اس کی وڈیو بنائی۔ حملے کے دوران حملہ آور نے اسلام کے خلاف توہین آمیز نعرے بھی لگائے۔