جنوبی وزیرستان ، وانا میں مقامی امن کمیٹی کے دفتر میں بم دھماکہ،7 افراد جاں بحق 16زخمی

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امن کمیٹی کے دفتر کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے،دھماکے سے دفتر کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، ملبے سے لوگوں کو نکال لیا گیا، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 28 اپریل 2025 14:55

جنوبی وزیرستان ، وانا میں مقامی امن کمیٹی کے دفتر میں بم دھماکہ،7 افراد ..
جنوبی وزیرستان(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اپریل 2025)جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں مقامی امن کمیٹی کے دفتر میں زور دار بم دھماکہ ہواجس میں7 افراد جاں بحق 16زخمی ہوگئے،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ مقامی امن کمیٹی کے رکن کے دفتر میں ہوا ہے، دھماکے سے دفتر کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، ملبے سے لوگوں کو نکال لیاگیا، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد مجموعی طور پر سولہ افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے سات جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑگئے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نو زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امن کمیٹی کے دفتر کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں اور دھماکے کے ذمہ داروں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلووں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب بنوں میں تھانہ بکاخیل پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔، پولیس جوانوں کی بھرپوراوربروقت جوابی کارروائی سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید تھرمل کیمروں سے 20 سے 25 دہشتگردوں کی نقل وحرکت مانیٹر کی گئی۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کےلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔دریں اثناءوفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں بکا خیل تھانے پرخوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بکا خیل پولیس کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔