Live Updates

ایران اسرائیل کشیدگی، سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا بازار گرم ہوگیا

پیر 16 جون 2025 18:21

ایران اسرائیل کشیدگی، سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا بازار گرم ہوگیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء)ایران اور اسرائیل کی جنگ کے دوران سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور فیک وڈیوز کا بازار گرم ہوگیا جس میں بھارتی میڈیا حسبِ روایت اپنا بھرپور کردار ادا کر نے لگا ۔ایسی ہی ایک جھوٹی خبر اور اے آئی سے بنائی گئی ویڈیو زیرِ گردش ہے، جسے ایک ایرانی عہدیدار سے منسوب کیا جارہا ہے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مذکورہ ویڈیو میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان نے ایران کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر نیوکلیئر بم سے حملہ کیا تو جواب میں پاکستان اسرائیل پر نیوکلیئر بم گرائے گا تاہم پاکستانی وزارت اطلاعات کے ذرائع نے واضح کیا کہ ایسی تمام زیرِ گردش خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں اور اس خبر کے ساتھ جو ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں وہ ویڈیوز اے آئی کے ذریعے بنائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دنیا کو اسرائیلی جوہری صلاحیت سے خبرادار کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کسی بین الاقوامی جوہری نظم و ضبط کا پابند نہیں ہے اور نہ ہی این پی ٹی یا کسی دوسرے معاہدے کا پابند ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان تمام بین الاقوامی جوہری معاہدوں کا پابند ہے، ہماری جوہری صلاحیت ہمارے عوام کے فائدے اور دشمنوں کے عزائم سے اپنے ملک کے دفاع کے لیے ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات