Live Updates

پاکستان حج مشن کی 2025 کے کامیاب حج آپریشنز کی شاندار تکمیل پر تقریب، آئندہ مزید بہتری کا عزم

پیر 16 جون 2025 17:14

پاکستان حج مشن کی 2025 کے کامیاب حج آپریشنز کی شاندار تکمیل پر تقریب، ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے کہا ہے کہ حج آپریشنز کی بروقت تیاری اور مسلسل بہتری اہمیت رکھتی ہے، اپنے عملے، ناظمین کو آئندہ حج کے لیے بہت پہلے سے تیار کریں گے تاکہ حجاج کرام کے اندراج کے ساتھ ہی ان کی تربیت کا بھی آغاز ہو جائے، 2025 کے حج کی کامیاب تکمیل پر فلاحی عملے کی غیر معمولی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، آخری پاکستانی حاجی کی روانگی تک مشن اپنی خدمات جاری رکھے گا۔

میڈیا سیل مکہ مکرمہ کے کوآرڈینیٹر نادر بادشاہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان حج مشن کی جانب سے مکہ مکرمہ میں ایک پروقار تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں 2025 کے حج کی کامیاب تکمیل پر فلاحی عملے کی غیر معمولی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکرٹری برائے وزارت مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمٰن نے آئندہ حج آپریشنز کی بروقت تیاری اور مسلسل بہتری پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہزار میل کا سفر بھی پہلے قدم سے شروع ہوتا ہے۔ ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے حج انتظامات کی منصوبہ بندی اور تربیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عملے خاص طور پر ناظمین کو آئندہ حج کے لیے بہت پہلے سے تیار کریں گے۔ اسی طرح جیسے ہی حجاج کرام کا اندراج شروع ہو، ان کی تربیت کا عمل بھی شروع ہو جائے گا تاکہ وہ اس مقدس سفر کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔

انہوں نے وزارت کی کارکردگی بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فلاحی عملے، ایس ڈی ایس اور طبی عملے کی بھرتی کے لیے سخت معیار مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مہارت اورقابلیت کو ترجیح دیں گے۔ امیدواروں کو منیٰ اور عرفات کے جغرافیہ سے مکمل واقفیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تقرریوں میں شفافیت اور میرٹ اولین ترجیحات ہوں گی- ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے کہا کہ 2025 کے کامیاب حج کا سہرا وزارت مذہبی امور اور دفتر امور حجاج پاکستان (او پی اے پی) کے درمیان موثر رابطے اور ہم آہنگی کے سر ہے۔

ہماری ٹیمیں مکمل طور پر رابطے میں تھیں اور یکجہتی کے ساتھ کام کرتی رہیں۔ ہم آئندہ اس ربط اور ٹیم ورک کو مزید مضبوط بنائیں گے تاکہ حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے کہا کہ اگرچہ اس سال کے حج آپریشنز کا اختتام جاری ہے، اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ آخری پاکستانی حاجی کی روانگی تک مشن اپنی خدمات جاری رکھے گا۔

ڈی جی حج نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج عبدالوھاب سومرو نے فلاحی عملے کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی محنت کی بدولت حج 2025 کامیابی سے ہمکنار ہوا، لیکن ہم اس پر قناعت نہیں کریں گے، آئندہ سال ہم اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کا عزم رکھتے ہیں۔انہوں نے خاص طور پر بزرگ حجاج کے لیے رہائش کی سہولیات میں بہتری کے منصوبے پیش کئے۔

مکہ، مدینہ، منیٰ اور عرفات میں واقع مزید رہائش فراہم کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہم ہر سال حج کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے نئی تجاویز لاتے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، حجاج کی خدمت ایک مقدس اعزاز ہے۔ مکہ مکرمہ کے چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مرزا علی محسود نے حجاج کرام کی خدمت کو ایک روحانی سعادت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے مہمانوں کی خدمت کی یہ عظیم ذمہ داری سونپی ہے اور اس میں عظیم اجر پوشیدہ ہے۔

انہوں نے وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر عطا الرحمٰن کی قیادت میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے عملے کی تقرری کے عمل کو سراہا جو شفافیت، میرٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے ناظم سکیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہترین اقدام ہے جسے مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پری حج آپریشنز کامیابی سے مکمل ہوئے اور اب ہم اسی لگن اور محنت سے پوسٹ حج خدمات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔

مکہ مکرمہ کے کوآرڈینیٹر ذوالفقار خان نے حج 2025 کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری دلی دعائیں ان تمام افراد کے لیے ہیں جنہوں نے دن رات محنت کی تاکہ حجاج کرام کو سہولت، تحفظ اور آرام فراہم کیا جا سکے۔تقریب میں سینئر افسران بشمول سجاد حیدر یلدرم (کوآرڈینیٹر ایف اینڈ سی)، عزیزاللہ خان (ڈائریکٹر مکہ) اور وزارت مذہبی امور کے دیگر نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر یہ پیغام واضح تھا کہ پاکستان حج مشن اپنے معیار کو مزید بہتر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بروقت تربیت، سخت بھرتی کا عمل اور بہتر سہولیات کے ساتھ وزارت آئندہ حج کو مزید کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہے، کیونکہ واقعی ہزار میل کا سفر ایک قدم سے ہی شروع ہوتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات