گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں "پراسپیکٹس اینڈ سکوپ آف پروفیشنل سوشل ورک" کے موضوع پر شاندار تقریب کا انعقاد

پیر 28 اپریل 2025 16:18

دریاخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں "پراسپیکٹس اینڈ سکوپ آف پروفیشنل سوشل ورک" کے موضوع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں "پراسپیکٹس اینڈ سکوپ آف پروفیشنل سوشل ورک" کے موضوع پر ایک پروقار اور علمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی ممتاز علمی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کٹ نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ عاشق صاحبہ، چئیرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک پنجاب یونیورسٹی لاہور، اور ڈاکٹر محمد ابوبکر، ایڈیشنل ڈائریکٹر ORIC سرگودھا یونیورسٹی شامل تھے۔تقریب میں وائس پرنسپل پروفیسر شیخ محمد ذوالفقارعلی، سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے صدرِ شعبہ پروفیسر رانا محمد عمیر، پروفیسر عابد حسین، پروفیسر جاوید تلوکر، پروفیسر راحیل عدنان خان نیازی اور پبلک ریلیشنز آفیسر پروفیسر عبدالعزیز انجم،پروفیسر سہیل قمر خان بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عظمیٰ عاشق نے سوشل ورک کے شعبے میں پیش آنے والے جدید رجحانات، تحقیق کے نئے امکانات، اور نوجوانوں کے لیے موجود روشن مواقع پر روشنی ڈالی۔انھوں نے سوشل ورک کے عالمی تناظر میں کردار اور اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی۔پرنسپل ڈاکٹر جاوید اقبال کٹ نے کالج میں ہونے والی علمی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام طلبہ کی پیشہ ورانہ رہنمائی کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد ہم سب کے لیے ایک اعزاز ہے۔آخر میں سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مہمانانِ خصوصی کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔تقریب میں اساتذہ کرام، طلبہ اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔