دبئی میں مخصوص سیاحوں کیلئے کئی مفت خدمات والا ڈیجیٹل کارڈ لانچ

سیاح کی دبئی آمد کے 24 گھنٹے کے اندر اندر سند ٹورسٹ کارڈ جاری کر دیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 اپریل 2025 16:07

دبئی میں مخصوص سیاحوں کیلئے کئی مفت خدمات والا ڈیجیٹل کارڈ لانچ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2025ء ) دبئی میں مخصوص سیاحوں کیلئے کئی مفت خدمات کے ساتھ سند ٹورسٹ کارڈ لانچ کردیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق دبئی نے دنیا کا پہلا ڈیجیٹل سمارٹ کارڈ لانچ کیا ہے جو عزم کے حامل سیاحوں کے لیے وقف ہے، جس میں مفت خدمات سمیت خصوصی مراعات شامل ہیں، سند ٹورسٹ کارڈ متعارف کرانے کے ساتھ دبئی میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) یہاں آنے والے سیاحوں کو عزم کے ساتھ انہی فوائد تک رسائی فراہم کر رہی ہے جو شہر میں سند کارڈ رکھنے والے دیگر لوگوں کو پیش کیے جاتے ہیں۔

سی ڈی اے میں کمیونٹی ایمپاورمنٹ سیکٹر کی سی ای او مائیتھا محمد الشمسی نے کہا کہ یہ اقدام دبئی کے وژن کی تصدیق کرتا ہے جو سب کے لیے ایک اہم جامع منزل ہے، یہ دنیا کا پہلا ڈیجیٹل کارڈ ہے جو دبئی آنے والے سیاحوں کے لیے جاری کیا گیا ہے، سیاحوں کو ان تمام خدمات تک رسائی حاصل ہوگی جو دبئی میں رہنے والے پرعزم لوگوں کو ملتی ہیں، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ دبئی سب کے گھومنے پھرنے کے لیے ایک بہترین شہر ہے"۔

(جاری ہے)

انہوں بتایا کہ سیاح غیر معمولی تجربات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں، جن میں عوامی نقل و حمل جیسے کہ دبئی میٹرو، بسیں اور فیریز تک مفت رسائی، دبئی پارکس اور دبئی فریم جیسے اہم سیاحتی مقامات پر مفت داخلہ یا چھوٹ، ایک خصوصی پارکنگ پرمٹ، ٹیکسی کے کرایوں میں 50 فیصد رعایت، مالز، ریسٹورنٹس، فارمیسیز اور ٹیلی کام فراہم کنندگان پر خصوصی رعایت شامل ہے، سیاح کی دبئی آمد کے 24 گھنٹے کے اندر ڈیجیٹل کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔

مائیتھا محمد الشمسی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام دبئی کے اکانومی اینڈ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کیے گئے ایک مطالعہ کے بعد کیا گیا ہے، مطالعے میں دبئی میں 65 ہزار سے زیادہ سیاحوں کا احاطہ کیا گیا، جس میں پرعزم لوگوں کے لیے خدمات کے حوالے سے مخصوص سوالات تھے، ان کے نتائج کی بنیاد پر ہم اس اقدام کو ایک نقطہ آغاز کے طور پر شروع کرنے میں کامیاب ہوئے، ہمارے پاس اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید منصوبے ہیں کہ پرعزم لوگوں کو ان تمام خدمات تک رسائی حاصل ہو جن کی انہیں دبئی کے دوروں کے دوران ضرورت ہو سکتی ہے"۔

متعلقہ عنوان :