گوجرانوالہ، مودی سرکار کی آبی جارحیت کے خلاف کسان اتحاد میدان میں آ گیا

پیر 28 اپریل 2025 17:08

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) بھارت کی آبی جارحیت اور لا قانونیت کے خلاف پرنسپل ایگریکلچر آفیسر/اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اعظم مغل کی زیر قیادت تحصیل گوجرانوالہ کے کسان،زمیندار اور کاشتکار بھی سڑکوں پر نکل آئے۔کسانوں،کاشتکاروں،زمینداروں نے بھارتی آبی جارحیت کے خلاف گوندلانوالہ چوک تا ریجنٹ سینما چوک میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویریں نظر آتش کیں۔

شرکاء ریلی افواج پاکستان کے حق اور بھارتی آبی جارحیت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔ کسانوں،زمینداروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی گھناؤنی سازش کے تحت پاکستان کا پانی بند کرتے کی جو کوشش کر رہاہے پاکستان کا ہر کسان اسکی یہ سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

(جاری ہے)

ملک بھر کے تمام کسان متحد اور اپنی افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔

ہماری مسلح افواج اپنی پانی اور سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے اور ہم انڈیا سے اپنے حق کا پانی ضرور لے کر رہیں گے چاہے اس کے لیے ہمیں کچھ بھی کرنا پڑے۔اگر بھارت جنگ چاہتا ہے تو پاکستان کا بچہ بچہ،تمام کسان اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن بھارت کو ہر فورم پر منہ توڑ جواب دیں گے۔کسانوں کا کہنا تھا کہ بھارت ایک سازش کے تحت پاکستان کا پانی بند کر کے ہمیں زرعی اور معاشی طور پر کمزور کرنا چاہتا ہے جو کسی صورت پر وہ نہیں کر سکتا۔\378