ڈیرہ اسماعیل خان ،جمعیت علمائے اسلام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ پہلے بھی کھڑی تھی اور آج بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، راہنما جے یو آئی

پیر 28 اپریل 2025 17:11

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر خیبرپختونخواہ مولانا عطاءالرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف جمعیت علمائے اسلام اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ پہلے بھی کھڑی تھی اور آج بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے موجودہ حکومت اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطین کے مظلوم بھائیوں کے حق میں اپنی پوزیشن واضح کرے ،جمعیت علماءاسلام کے زیر اہتمام 11 مئی 2025 کو پشاور میں منعقدہ شہدائے غزہ کانفرنس و غزہ مارچ میں ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختون خواہ سے لاکھوں افراد شرکت کر کے اسرائیلی مظالم کے خلاف اور نہتے فلسطینیوں کے حق میں اپنی بھرپور وابستگی کا ثبوت دیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ المعارف الشرعیہ شورکوٹ ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہ اجلاس میں کیا اجلاس میں جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطا الحق درویش ،سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود ،ضلعی سینئر نائب صدر مولانا عبید الرحمن ، اور ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاری اعجاز فاروقی نے بھی خطاب کیا اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ ، سابق ناظم ملک مشتاق احمد ڈار ،تحصیل امیر کفیل احمد نظامی سمیت جے یو آئی کے ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاالحق درویش نے کہا کہ جے یو آئی کی جانب سے پی ٹی ائی سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ دانشمندانہ ہے یہ فیصلہ جے یو آئی خیبر پختونخواہ کے موقف پر کیا گیا ہے ، تحریک انصاف کل بھی یہودی ایجنٹ تھی آج بھی یہودی ایجنٹ ہے یہ ثابت ہو چکا ہے عارف علوی کے بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں یہ یہودیوں کے مہرے ہیں ان سے اتحاد ممکن نہیں، ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ، پی ٹی ائی اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

مولانا اسعد محمود نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں پی ٹی آئی کی جعلی حکومت قائم ہے علی امین جعلی وزیراعلیٰ ہیں ،جلد انتخابات کرائے جائیں تاکہ عوامی حکومت قائم ہو ،دھاندلی زدہ لوگوں کو گھر بھجوایا جائے ،عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہے حکومت اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے ،اس موقع پر ضلعی سینئر نائب صدر مولانا عبید الرحمن اور قاری اعجاز فاروقی نے صوبائی قائدین کو یقین دہانی کرائی کہ ڈیرہ اور ٹانک پہلے بھی صف اول میں رہا ہے11 مئی کو بھی پشاور میں منعقدہ شہدائے غزہ کانفرنس و غزہ مارچ میں بھی ڈیرہ وٹانک سے بھرپور شرکت ہوگی اور کانفرنس و مارچ کو بھرپور کامیاب بنائیں گے۔\378