پنجاب میں وی وی آئی پیز کیلئے 5 نئی جیمرز گاڑیاں خریدنے کی منظوری

امپورٹد لینڈ کروزرز پراڈو کے لیے 46 کروڑ 72 لاکھ کے فنڈز بھی مختص کردیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 اپریل 2025 16:32

پنجاب میں وی وی آئی پیز کیلئے 5 نئی جیمرز گاڑیاں خریدنے کی منظوری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل 2025ء ) پنجاب حکومت نے صوبے میں وی وی آئی پیز کیلئے 5 نئی جیمرز گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ پنجاب میں وی وی آئی پیز کی آمدورفت اور سکیورٹی کے لیے بیش قیمت 5 نئی جیمرز گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد صوبائی کابینہ نے گاڑیوں کی خریداری کی منطوری کے بعد خریداری کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر دیا۔

اس حوالے سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 5 امپورٹد لینڈ کروزرز پراڈو کے لیے 46 کروڑ 72 لاکھ کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں جس میں سے 2 امپورٹڈ لینڈ کروزرز کے لیے 24 کروڑ اور 3 امپورٹڈ لینڈ کروزرز پراڈو کے لیے 22 کروڑ 70 لاکھ کے فنڈز رکھے گئے ہیں، گاڑیوں کی فراہمی کے لیے کمپنیوں سے قواعد و ضوابط کے مطابق بولیاں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ایس او پیز کے تحت بڈ سکیورٹی جمع کروانے کے بعد اس عمل میں حصہ لینے والوں کے ٹینڈز آج ہی کھول دیئے جائیں گے، اس حوالے سے اے آئی جی پروکیورمنٹ کی موجودگی میں سارا پراسس مکمل کیا جائے گا، رواں مالی سال میں گاڑیوں کی خریداری مکمل کرنے کے بعد جیمرز کی انسٹالیشن مکمل کروائی جائے گی جس کے لیے گاڑیاں سپیشل برانچ کے حوالے کی جائیں گی۔

ادھر سندھ حکومت نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو لگژری گاڑیاں دینے کا فیصلہ کیا ہے، کمشنرز کو نئی 2755 سی سی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے بجٹ جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں بتایا کہ 5 کمشنرز اور 29 ڈپٹی کمشنرزکو لگژری گاڑیاں دی جائیں گی، نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مجموعی طور پر 52 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے، سندھ کے 5 کمشنرز کو 10 کروڑ 8 لاکھ کی نئی گاڑیاں دی جائیں گی اور ڈپٹی کمشنر زکو 40 کروڑ 15 لاکھ سے نئے ڈالے خرید کر دئیے جائیں گے۔