بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سپورٹس گالا کا آغاز

پیر 28 اپریل 2025 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سپورٹس گالا 2025 کا آغازہو گیا ۔ پیر کو افتتاحی تقریب کے موقع پر نائب صدر انتظامی و مالیاتی امور ڈاکٹر عبد الرحمٰن مہمان خصوصی تھے۔ دفتر مشیر طلبا کے زیر اہتمام منعقدہ افتتاحی تقریب میں طلباء نے میل کیمپس کے ایکٹیویٹی سنٹر میں رنگا رنگ فلیگ مارچ کا مظاہرہ کیا۔

کھیلوں کے مقابلوں میں یونیورسٹی میں زیر تعلیم 30 سے زائد ممالک کے طلباء حصہ لے رہے ہیں۔ کھیلوں کے یہ مقابلے 12 مئی تک جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

ان کھیلوں میں ٹگ آف وار، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، والی بال، باسکٹ بال، کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، شطرنج اور اتھلیٹکس کے مقابلے شامل ہیں۔اس موقع پر نائب صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے اس موقع پر کہا کہ معاشرے کو صحت مند رکھنے کے لئے کھیل ضروری ہیں۔

انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مطالعے، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں یکساں طور پر شامل کرکے تعلیمی اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ 12 مئی کو سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی صدر جامعہ ڈاکٹر احمد شجاع سید ہوں گے۔