یونیورسٹی آف سرگودھا میں دوسرے سالانہ سی ای اوز فورم کا انعقاد 30 اپریل کوہوگا

پیر 28 اپریل 2025 19:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں دوسرے سالانہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) فورم کا انعقاد 30 اپریل بروز بدھ کو ہوگا جس میں 17 سے زائد نامور کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز شرکت کریں گے۔ سی ای او فورم کا انعقاد ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ 32 سے زائد بزنس آئیڈیاز پیش کریں گے ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسرز فورم میں شرکت کرنے والے چیف ایگزیکٹو آفیسرز اورکاروباری ماہرین ان بزنس آئیڈیاز کا جائزہ لیں گے،وہ طلبہ کو بتائیں گے کہ وہ کس طرح اپنے بزنس آئیڈیاز کو مارکیٹ میں متعارف کروا کر اپنا بزنس مستحکم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، طلبہ کے لیے کاروباری آئیڈیاز کو مارکیٹ میں متعارف کروانے کے لیے شراکت داری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور طلبہ کو یہ رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی کہ وہ کس طرح کامیاب کاروباری شخصیت بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس فورم میں طلبہ کو کاروبار کے اسرار و رموز کے بارے میں بھی رہنمائی دی جائے گی۔سی ای او فورم اپنی نوعیت کا منفرد فورم ہے جس کے ذریعے کامیاب کاروباری شخصیات کو طلبہ سے براہ راست ملنے اور سیکھنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ سی ای او فورم کی افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔سی ای او فورم کے پرنسپل آرگنائزر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان اور آرگنائزر و ڈائریکٹر ملک فیروز خان نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے کہا ہے کہ سی ای او فورم کے پُروقار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس فورم کے ذریعے طلبہ کو بزنس سے متعلقہ مواقعوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔