ساہیوال ،ذخیرہ اندوزوں سے 20ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم تحویل میں لے لی گئی

جمعرات 13 اگست 2026 22:01

ساہیوال ،ذخیرہ اندوزوں سے 20ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم تحویل میں لے ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) محکمہ خوراک پنجاب ساہیوال ڈویژن میں ذخیرہ اندوزوں سے 20ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم اپنی تحویل میں لے چکا ہے جبکہ گندم کا بڑا حصہ کاشتکاروں کے پاس محفوظ ہے، جس کی فروخت سے مارکیٹ ریٹ بہتر ہو رہا ہے۔ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کی تھی تاہم اس وقت گندم 4500 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ساہیوال ڈویژن سردار سیف اللہ خان جوئیہ نے یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو سستا اور معیاری آٹا فراہم کرنے کے لیے پولٹری فیڈ اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے بعد 55 لاکھ میٹرک ٹن گندم پیدا ہوئی۔ وزیراعلی کی ہدایت پر فلور ملوں کو 5 ہزار میٹرک ٹن سبسڈائزڈ گندم فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ساہیوال ڈویژن میں روزانہ 40 ہزار تھیلے آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، جو دکانوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہے۔

10کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ 10 لاکھ ٹن گندم درآمد بھی کی جائے گی۔ پاکستان میں 1960سے لے کر 2023ء تک 8کروڑ ٹن سے زائد گندم درآمد کی جا چکی ہے، اس لیے اب پنجاب میں گندم کی کوئی قلت نہیں ہے۔