نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ، ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں، گورنر سندھ

جمعرات 13 اگست 2026 21:39

نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ، ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں بین الاقوامی یومِ نوجوان کے موقع پر منعقدہ یوتھ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ سے مالا مال ہیں۔ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر یوتھ ایوارڈز کی شاندار تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے۔ آج کے نوجوان مستقبل میں گورنر، وزیر اعلیٰ، صدر، وزیر اعظم سمیت ملک کے اہم سرکاری عہدوں پر فائز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عارفہ کریم کم عمری میں مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ ہوسکتی ہیں تو آج کا نوجوان بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے بتایا کہ گورنر ہاؤس میں سیکنڈری اسکول کے بچوں کے لیے سمر کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں مصنوعی ذہانت (AI) کی تربیت دی گئی۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ سیاست ایک اہم شعبہ ہے، پاکستان آج جس مقام پر ہے اس کے پیچھے سیاسی جدوجہد کا بنیادی کردار ہے۔ سیاسی جدوجہد کے عظیم رہنما بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ ہیں۔

گورنر سندھ نے مراکش کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ کی تقریب میں موجودگی کو باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مراکش کے بادشاہ کا ایک پاکستانی کو اعزازی قونصل جنرل منتخب کرنا پاکستان کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ ایوارڈ حاصل کرنے والے نوجوانوں کا تعلق مختلف شعبہ ہائے زندگی سے ہے، جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو مزید فروغ ملے گا بلکہ دیگر نوجوانوں کو بھی آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔گورنر سندھ نے یوتھ ایوارڈز حاصل کرنے والے تمام نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔