بزرگوں کی قربانیوں، جدوجہد اور دعائوں کے ثمر سے آج ہم آزاد وطن میں فخر سے سانس لے رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

جمعرات 13 اگست 2026 22:18

بزرگوں کی قربانیوں، جدوجہد اور دعائوں کے ثمر سے آج ہم آزاد وطن میں ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپنے بزرگوں کی قدر کریں کیونکہ آج ہم جس آزاد وطن میں فخر سے سانس لے رہے ہیں، یہ انہی بزرگوں کی قربانیوں، جدوجہد اور دعاؤں کا ثمر ہے۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بھی اپنے بزرگوں کی تاریخ، قربانیوں اور قومی و معاشرتی خدمات سے روشناس کرانا چاہیے تاکہ نئی نسل اپنے ماضی سے جڑی رہے اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کو آگے بڑھائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار شیڈ ٹرسٹ کے زیر اہتمام اولڈ ایج ہوم ’’مسکن‘‘ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بزرگ ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ خاندان، معاشرے اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کیا۔

(جاری ہے)

ان کی عزت، دیکھ بھال اور خدمت صرف اخلاقی ذمہ داری نہیں بلکہ ہماری تہذیبی اور معاشرتی اقدار کا بھی اہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو چاہیے کہ وہ اپنے بزرگوں کے تجربات اور زندگی کی جدوجہد سے سیکھے اور ان کے ساتھ محبت، احترام اور شفقت کا رویہ اپنائے۔ انہوں نے شیڈ ٹرسٹ کی جانب سے اولڈ ایج ہوم مسکن میں بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، اس لیے وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ شرکا نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں کے ساتھ وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔