اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے جسٹس بابر ستار کا حکمنامہ معطل کردیا

قائم مقام چیف سرفراز ڈوگر جسٹس بابر ستار کا آرڈر معطل ہونے کے باوجود حکم نامہ جاری ہونے پر برہم بابر ستار آرڈر کیسے پاس کر سکتے ہیں ان کے پاس تو کیس ہی نہیں پٹیشن میرے پاس ڈویژن بینچ میں کلب ہے،قائمقام چیف جسٹس

پیر 28 اپریل 2025 19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے توہین عدالت شوکاز نوٹس کیس میں جسٹس بابر ستار کاپیر کو جاری حکمنامہ بھی معطل کردیا۔ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے جسٹس بابر ستار کے آرڈر کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے، قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویڑن بینچ نے انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی۔

قائم مقام چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے توہین عدالت شوکاز نوٹس کیس میں حکمنامہ معطل کیا، قائم مقام چیف سرفراز ڈوگر جسٹس بابر ستار کا آرڈر معطل ہونے کے باوجود حکم نامہ جاری ہونے پر برہم ہوئے۔وکیل ڈائریکٹوریٹ امیگریشن کے مطابق جسٹس بابر ستار نے بھی پیر کو سماعت کی اور 8 صفحات کا آرڈر بھی جاری کر دیا ہے، جس پر قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ وہ آرڈر کیسے پاس کر سکتے ہیں ان کے پاس تو کیس ہی نہیں پٹیشن میرے پاس ڈویژن بینچ میں کلب ہے، توہینِ عدالت نوٹس معطل کیا ہوا ہے، جسٹس بابر ستار کا آج کا 8 صفحوں کا آرڈر بھی معطل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ میں اس معاملے کو انتظامی جانب بھی دیکھوں گا، ایسا نہیں ہونا چاہیے، پہلے مجھے یہ دیکھنے دیں کہ اس جج نے آرڈر کیسے کر دیا۔عدالت نے انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ملتوی کر دی۔