خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں فالج مریضوں کیلئے نئے انجکشن کا استعمال شروع کر دیا گیا

پیر 28 اپریل 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں فالج مریضوں کیلئے نئے انجکشن کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فالج مریضوں کی جان بچانے والی نئی دوا ٹشو پلازمینوجن ایکٹیویٹر یعنی ٹی پی اے انجکشن کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے گزشتہ روز 60 سالہ خاتون کو یہ انجکشن دیا گیا ہے۔ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد اللہ کے مطابق مریضہ کو فالج کے حملے کے ایک گھنٹے کے اندر ہسپتال لایا گیا تھا جس کی وجہ سے اس کے صحت یاب ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، فالج کے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ 4 یا5 گھنٹے کے اندر ہسپتال پہنچ جانا چاہئے تاہم 3 گھنٹے کے اندر لانے والے مریضوں کے نتائج بہترین ہوتے ہیں۔

ایم ڈی کے مطابق یہ انجکشن ہسپتال کے اپنے فنڈزسے مہیا کیا گیا ہے اور مریضوں کو مفت دیا جا رہا ہے اور حکومت نے اسے صحت کارڈ پلس سکیم میں شامل کرنے پر اتفاق کر لیا ہے، فی الحال یہ دوا ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں بھی استعمال ہو رہی ہے، جہاں اس سے درجنوں مریضوں کی زندگیاں بچ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ انجکشن جرمنی سے درآمد کیا جاتا ہے اور اس کی ایک وائل کی قیمت 80ہزار روپے ہے، مریض کے وزن کے حساب سے 0.9 ملی گرام فی کلوگرام کے حساب سے خوراک دی جاتی ہے جس کی وجہ سے اکثر مریضوں کو 2 وائل درکار ہوتے ہیں جس سے اخراجات دگنے ہو جاتے ہیں۔