سعودی عرب ، ریاض میں پہلا سمارٹ پولیس سٹیشن متعارف کروادیا گیا

منگل 29 اپریل 2025 13:18

سعودی عرب ، ریاض میں پہلا سمارٹ پولیس سٹیشن متعارف کروادیا گیا
ریا ض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)سعودی دارالحکومت ریاض کے السلیمانیہ ڈسٹرکٹ میں تجرباتی بنیادوں پر سمارٹ پولیس سٹیشن متعارف کرا یا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس سٹیشن میں آنے والوں کی سہولت کے لییمکمل ڈیجیٹل سسٹم کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔سمارٹ پولیس سٹیشن میں درخواست کے لیے اب راویتی طریقے پرعمل نہیں کیا جاتا بلکہ تمام امور ڈیجیٹل انداز میں مکمل کیے جاتے ہیں۔

انتظار گاہ سے لیکر تحقیقاتی آفیسر تک کے تمام مراحل منٹوں میں طے ہوجاتے ہیں۔سمارٹ پولیس سٹیشن کو پیپر فری پولیس سٹیشن قرار دیا گیا ہے جہاں ابتدائی رپورٹ درج کرانے کیلیے بھی ڈیجیٹل سروسز فراہم کی گئی ہیں۔درخواست گزار کا بیان وڈیو کیمرے کے ذریعے لیا جاتا ہے جبکہ دستاویزات کو سکین کرکے تھانے کے ڈیٹا بیس میں محفوظ کردیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

تجرباتی طورپر شروع کیے جانے والے سمارٹ پولیس سٹیشن میں قیمتی اشیا کو محفوظ رکھنے کے لیے ڈیجیٹل لاکرز بھی موجود ہیں جہاں گمشدہ قیمتی اشیا کو رکھا جاتا ہے۔پولیس سٹیشن میں ڈیجیٹل سروسز کے لیے ابشر پلیٹ فارم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ قیدیوں کو لانے کیلیے راستے کو عام لوگوں کی انتظار گاہ سیدورکیا گیا ہے۔پولیس سٹیشن کی حدود میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے نگرانی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر فعال بنایا گیا ہے۔