بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور سماجی مسائل کے حل کے لئے عوام میں اسلامی تعلیمات کو عام کرنا ناگزیر ہے ،ڈاکٹر ذوالفقار علی

منگل 29 اپریل 2025 13:22

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے گریجویٹ اسٹڈیز ریسرچ بورڈ کے اجلاس نے ہائرایجوکیشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے لیے دو کریڈٹ آور لازمی کورس بعنوان ’’تفہیم القرآن‘‘ اور غیر مسلموں کے لیے ’’اخلاقیات‘‘ کے کورس کی سفارشات پیش کیں۔

بورڈ نے ہائرایجوکیشن کمیشن کی نظرثانی شدہ قومی فیس ریفنڈ پالیسی اور ایم ایس کمپیوٹر سائنسز کورس شروع کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ سفارشات کو حتمی منظوری کے لیے اکیڈمک کونسل اور سنڈیکیٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے (آن لائن) کی جبکہ ڈائریکٹر گریجویٹ سٹڈیز ڈاکٹر خالد بشیر نے ایجنڈا پیش کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور سماجی مسائل کے حل کے لئے عوام میں اسلامی تعلیمات کو عام کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کے سنہری اصولوں کو اپنایا جائے تو اس سے نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی کامیابی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ مسائل کی لپیٹ میں ہے جن میں کم پیداواری صلاحیت، زمین کی خراب ہوتی صحت، پانی کی کمی، مسلسل بڑھتی ہوئی آبادی، جدید آلات کی کمی اور دیگر شامل ہیں۔

اگر ان مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو آنے والے سالوں میں خوراک کا بحران جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے تدریسی برادری کو بھی ہدایت کی کہ وہ طلباء کی کاروباری صلاحیتوں کو نکھاریں تاکہ وہ ملازمت کے متلاشی بننے کی بجائے ملازمت فراہم کرنے والا بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ڈاکٹر خالد بشیر نے کہا کہ یونیورسٹی ایک روشن مستقبل کے لیے معیاری تعلیم، ٹھوس تحقیق، جدت اور تنقیدی سوچ کو یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیمپس میں طلباء اور عملے کی سہولت کے لیے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے ہی غذائی استحکام کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈینز/ڈائریکٹرز، رجسٹرار عمر سعید قادری نے اجلاس میں شرکت کی۔