ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی کی گاڑی کے قریب دھماکہ

ریموٹ کنٹرول دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 اپریل 2025 12:48

ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی کی گاڑی کے قریب دھماکہ
ڈی آئی خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2025ء ) صوبہ خیبرپختونخواہ میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی کی گاڑی کے قریب دھماکہ ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کی حدود میں کلاچی موڑ کے قریب ہونے والے اس دھماکے میں ڈی ایس پی سید مرجان کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، پولیس نے ابتدائی معلومات میں واقعہ دہشت گردی کی کوشش قرار دیتے ہوئے مکمل چھان بین شروع کردی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکہ کیا گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے کے باعث گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا جب کہ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں مقامی امن کمیٹی کے دفتر میں زور دار بم دھماکہ ہوا جس میں7 افراد جاں بحق 16زخمی ہوگئے، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دھماکہ مقامی امن کمیٹی کے رکن کے دفتر میں ہوا، دھماکے سے دفتر کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، دھماکے کے بعد ملبے سے لوگوں کو نکال لیا گیا، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ دھماکے کے بعد مجموعی طور پر سولہ افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جن میں سے سات جانبر نہ ہو سکے اور دم توڑگئے، نو زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی، پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کیں، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ امن کمیٹی کے دفتر کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی افراد ملبے تلے دب گئے، پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔