Live Updates

اے ٹی سی عدالت کے فیصلے سے دھچکا لگا ، پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں یا بائیکاٹ پر غور کرے گی ، بیرسٹرگوہر

5 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر پورے ملک سے لوگ نکلیں گے جہاں جو لیڈر شپ موجود ہے وہی لیڈ کرے گا، چیئرمین پی ٹی آئی کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 اگست 2025 17:25

اے ٹی سی عدالت کے فیصلے سے دھچکا لگا ، پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اگست 2025) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہرنے اے ٹی سی فیصل آباد کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کو سزاؤں کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کے فیصلے سے تحریک انصاف کو دھچکا لگا، پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں یا بائیکاٹ پر غور کرے گی، اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 5 اگست کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر پورے ملک سے لوگ نکلیں گے جہاں جو لیڈر شپ موجود ہے وہی لیڈ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ زین قریشی کو بری کرنے کا کوئی خاص سیاسی مقصد نہیں ہوسکتا۔ ان کے خلاف شواہد نہیں تھے لیکن شواہد تو باقیوں کے خلاف بھی تھے۔ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا۔ میں بونیر جاؤں گا اور وہاں احتجاج کو لیڈ کروں گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور اور محمود خان اچکزئی بھی احتجاج کو لیڈ کریں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے پہلے ہی ہم سے 77 نشستیں چھین لی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ سازشوں کے تحت ہمارے خلاف گواہیاں دی گئیں تھیں۔ گواہی نہ دینے والوں کے ساتھ بہت برا کیا گیا تھا۔ تاریخ کا بدترین دور چل رہا تھا۔ ہمارے لوگوں کو بے گناہ سزائے دی گئیں تھیں۔پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی نے کہا تھاکہ غیر قانونی طور پر ہمارے دوستوں کو نااہل کیا گیا۔

ہم سے ہماری سیٹیں چھین لی گئیں تھیں۔ ہم ان فیصلوں کے خلاف عدالت جائیں گے۔ میرے خلاف 9 مقدمے میری غیرموجودگی میں دائر کئے گئے۔ 5 اگست کو پرامن احتجاج کریں گے۔ میں کسی بھی مقدمے میں پیش ہونے سے نہیں رہا۔ میرے خلاف بے شمار مقدمات درج کئے گئے تھے۔ میرے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عبدالطیف چترالی کے حلقے پر پشاور ہائی کورٹ نے ضمنی الیکشن روک دیا تھا۔

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے2 ہفتوں کی ضمانت منظورکرلی تھی۔ عدالت نے مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں تھیں۔ رہنماء پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائے۔متعلقہ عدالتوں میں پیشی کیلئے حفاظتی ضمانت دی جائے۔ پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔ درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال نے کی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات