کنیئرڈ کالج کی طالبہ لائبریری کی عمارت سے گر کر جاں بحق

طالبہ اپنی ساتھیوں کے ہمراہ عمارت کی پہلی منزل پر کھڑی تھی کہ اچانک بے ہوش ہوئی اور عمارت سے نیچے گرگئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 اپریل 2025 13:14

کنیئرڈ کالج کی طالبہ لائبریری کی عمارت سے گر کر جاں بحق
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے معروف کنیئرڈ کالج کی طالبہ لائبریری کی عمارت سے گر کر شدید زخمی ہوئی اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کنیئرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے منگل کے روز کالج کی لائبریری کی عمارت سے گر کر شدید زخمی ہوئی جس نے ہسپتال میں اپنی آخری سانس لی جہاں دوران علاج اس کا انتقال ہوگیا۔

ذرائع نے بتایا کہ طالبہ اپنی ساتھیوں کے ہمراہ لائبریری کی عمارت کی پہلی منزل پر کھڑی تھی کہ اس دوران وہ اچانک بے ہوش ہوگئی اور عمارت سے گرگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم کالج پہنچ گئی اور زخمی طالبہ کو مقامی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ساتھی طالب علم کی موت کی خبر پھیلتے ہی کالج میں غم غم کی لہر دوڑ گئی، اس کے تمام اساتذہ اور ساتھیوں نے طالبہ کی افسوسناک موت پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان ہمت اور حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

کچھ عرصہ قبل لاہور کی ویمن یونیورسٹی کی طالبہ نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش میں تیسری منزل سے چھلانگ لگادی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ طالبہ نے مبینہ طورپرتیسری منزل سے چھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی اور اسے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا، لڑکی بی ایس فزکس کی طالبہ تھی جس نے شعبہ سوشل سائنسزکی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تاہم طالبہ کی چھلانگ لگانے کی وجہ پتا نہیں چل سکی اس واقعے میں طالبہ کی ٹانگیں فریکچرہوئیں، واقعے کے بعد وائس چانسلر نے انکوائری کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔