Live Updates

رانا ثناء اللہ کی قازقستان کے نائب وزیر کھیل سے ملاقات ،کھیلوں کے فروغ پر تبادلہ خیال

منگل 29 اپریل 2025 17:29

رانا ثناء اللہ کی قازقستان کے نائب وزیر کھیل سے ملاقات ،کھیلوں کے فروغ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے قازقستان کے نائب وزیر سیاحت و کھیل یرزان یرکینبایوف اور قازقستان چیمبر آف انٹرنیشنل کامرس کے صدر کانات آلِن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان کھیلوں اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رانا ثنا اللہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو سراہا اور انہیں مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان قازقستان کو ہاکی، اسکواش اور سنوکر جیسے کھیلوں میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا تاکہ ان کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے خواتین کی کھیلوں میں شرکت کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات پر بھی بات کی اور کہا کہ اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے تبادلہ پروگرامز کو انتہائی موثر قرار دیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے اسپورٹس اداروں کے درمیان شراکت داری اور تعاون بڑھانے، کوچز اور ماہرین کے تبادلے، تربیتی پروگرامز اور باہمی مقابلوں کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔ رانا ثنا اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کھیلوں کے فروغ کے لیے قازقستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، تاکہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں بلکہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات