انتظامیہ نے یونیورسٹی آف بلوچستان پشین کیمپس کی بندش کی افواہیں بے بنیاد قرار دیا

منگل 29 اپریل 2025 19:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) یونیورسٹی آف بلوچستان کی انتظامیہ نے پشین کیمپس کی بندش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پشین کیمپس ڈاکٹر شعیب کاکڑ نے واضح کیا کہ پشین کیمپس مکمل طور پر فعال ہے اور تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں پشین کیمپس میں تدریسی عمل،داخلہ ٹیسٹ،امتحانات اور دیگر تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔

سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہیں محض پروپیگنڈا ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم طلباء ، والدین اور عوام الناس سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور یونیورسٹی کی آفیشل اطلاعات پر اعتماد کریں۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر پشین کیمپس کی بندش سے متعلق افواہیں گردش کر رہی تھیں جنہیں یونیورسٹی انتظامیہ نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

یونیورسٹی آف بلوچستان تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریگی۔طلباء اور والدین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ یا متعلقہ دفاتر سے رابطہ کریں تاکہ غلط فہمیوں سے بچا جا سکے۔یونیورسٹی آف بلوچستان کی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ جھوٹی اور گمراہ کن معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانا نہ صرف ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ طلباء کے تعلیمی مستقبل کو بھی متاثر کرتا ہے۔