Live Updates

پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19: گوادر کی پنجگور کو 3 رنز سے شکست

گوادر کرکٹ اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر جلیل جے آر نے 7 کھلاڑی آئوٹ کئے

منگل 29 اپریل 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء) پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19ون ڈے ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں گوادر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنجگور کو 3 رنز سے شکست دی۔ گوادر کرکٹ اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر جلیل جے آر نے تباہ کن بائولنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑی آئوٹ کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ملک بھر میں کھیلے جانے والے پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میںگوادر انڈر 19 اور پنجگور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے مابین کوئٹہ کے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں فاسٹ بولر جلیل جے سر کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت گوادر کرکٹ ٹیم نے پنجگور کو 3 رنز سے شکست دی۔

گوادر کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 111 رنز بنائے ۔

(جاری ہے)

یحٰیی نذیر 31رنز،غفور 22 رنز،محمد سعد 18 رنز اور اشرف 10رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے۔گوادر کرکٹ اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے لیفٹ ہینڈ فاسٹ بولر جلیل جے آر کی اسپیڈاور سوئنگ سے بھرپور بائولنگ کی بدولت ہدف کے تعاقب میں پنجگور کی پوری ٹیم 108 رنز پر آئوٹ ہو گئی ۔فاتح ٹیم کے فاسٹ بائولر جلیل جے آر نے 7 کھلاڑیوں کو پوئلین کی راہ دکھاکر شکست کے منہ سے فتح چھین کر گوادر کی جھولی میں ڈال دی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے لیفٹ ہینڈ فاسٹ بولر جلیل جے آر نے کہا کہ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم میرے آئیڈیل فاسٹ بائولر ہیں ان کی بائولنگ کی ویڈیو دیکھ کر سوئنگ بائولنگ کا فن سیکھا،میں آئندہ میچز میں بھی اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھوں گا ،اور اپنی عمدہ کارکردگی کے ذریعے گوادر کی ٹیم کو پی سی بی انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19ون ڈے ٹورنامنٹ کا چمپئن بنوانے کا خواہشمند ہوں۔

گوار کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر میر ثنا اللہ، گوادر کرکٹ اکیڈمی کے چیئرمین عبدالحمید رشید،گوار کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی صدر حاجی حنیف حسین،ریاض اسحاق اور عبداللہ نے نوجوان فاسٹ بائولر جلیل جے آر کو پنجگور کے خلاف 7 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ بنانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ نوجوان فاسٹ بائولر مستقبل میںگوادر کرکٹ کی پہچان ثابت ہوں گئے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات