سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تہذیب النساءکی زیر صدارت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

منگل 29 اپریل 2025 23:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) سیکرٹری اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) تہذیب النساء کی زیر صدارت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے اور قومی آگاہی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کروانے کے لیے مظفرآباد میں اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نوجوان نسل کے متحرک کردار کو مزید فعال کرنے کے لیے اور اس کے ساتھ ساتھ نسل نو کی آگاہی کے لیے تربیتی سیشنز کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

اجلاس میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق میکانیزم کو مزید موثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔اجلاس میں لائن آف کنٹرول سے متصل اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کی مشکلات کے پیش نظر فوری ایمرجنسی رسپانس کے لیے بروقت اقدامات اٹھانے کی افادیت پر بھی زور دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ناگہانی آفات کے دوران فوری ابتدائی طبی امداد بہم پہنچانے کے لیے دستیاب وسائل بھی زیر بحث لائے گئے۔

اجلاس میں ملی یکجہتی کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ۔اجلاس میں ڈائریکٹر آپریشنز سعید الرحمن قریشی ایس ڈی ایم اے، ڈائریکٹر ریسکیو 1122 معظم ظفر ، ڈائریکٹر شہری دفاع صداقت میر اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ، سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تہذیب النساءنے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز تیاری یقینی بنائے رکھیں ۔

ایس ڈی ایم اے ایمرجنسی رسپانس کے لیے میکا نیزم کو مزید فعال بنائے ، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے نوجوان نسل کے کردار کو مزید فعال کرنے کے لیے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کو بھی یقینی بنایا جائے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ ایمرجنسی رسپانس اور ابتدائی طبی امداد کے حامل ادارے عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھنے اور قومی آگاہی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کروانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 تعلیمی اداروں میں طلبہ اور عملے کے لیے تربیتی سیشنز کا آغاز کریں ، ملی یکجہتی کے ساتھ ساتھ نسل نو کی ذہن سازی اور عملی تیاری کی بدولت ہی آفات کا موثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔سیکرٹری ایس ڈی ایم اے نے کہا کہ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، ایس ڈی ایم اے کا مشن عوام کی خدمت ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر کے ویژن کے مطابق دستیاب وسائل میں عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے ۔