گندم کی کٹائی کے دوران بھوسہ اُڑنے سے دمہ کے مریضوں کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں،ڈاکٹرنعمان خالد قریشی

منگل 29 اپریل 2025 23:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) گندم کی کٹائی کے دوران اُس کا بھوسہ اُڑنے سے دمہ کے مریضوں کے لیے مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار معروف ماہرِ امراضِ بچگان و میڈیکل آفیسر العباس ہسپتال سرگودھا ڈاکٹر نعمان خالد قریشی نے’’ اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس موسم میں مکھیوں کی بہتات کی وجہ سے ہیضہ جیسے امراض بھی جنم لیتے ہیں لہذا اس موسم میں بچوں کے لیے خصوصی احتیاط برتنی چاہیے اور کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو بازار کی غیر معیاری اشیاء کھلانے سے اجتناب کیا جائے تاکہ بچے مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

اُنہوں نے کہا کہ بچے انتہائی حساس ہوتے ہیں اور اُنہیں احتیاط کر کے ہی مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نعمان خالد قریشی نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ بچے غیرمعیاری اشیاء کھانے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں والدین کو چاہیے کہ ان کی غذا کا خصوصی خیال رکھیں اور اُنہیں بازاری اشیاء سے پرہیز کروائیں تاکہ موجودہ موسم میں پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔ اسی طرح بازار میں بکنے والی غیر معیاری برف بھی مختلف بیماریوں کو جنم دے رہی ہیں بہتر ہے کہ اس موسم میں زیادہ ٹھنڈا پانی استعمال کرنے سے اجتناب کیا جائے اور خصوصاً بازاری مشروبات جو کہ انتہائی خطرناک ہیں اُنہیں بچوں سے دور رکھا جائے تاکہ بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ عنوان :