ذ*بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اورسی ای اوعبدالکبیرخان زرکون نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بیوٹمز)کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ سے ملاقات

منگل 29 اپریل 2025 21:25

sکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اورسی ای اوعبدالکبیرخان زرکون نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بیوٹمز)کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ سے ملاقات کی،اس موقع پربی بی او آئی ٹی اور بیوٹمز کے درمیا ن مشترکہ تحقیقی منصوبے شرو ع کرنے، وسائل کے اشتراک اور مخصوص شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے سے متعلق امور پر غور کیا گیا جبکہ طلبا اور فیکلٹی کے درمیان باہمی تعاون، عملی مسائل کے حل اور جدید اختراحات کو فروغ دینے،طلبا کو صنعتی شعبے کا تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے، مہارتوں اور ملازمت کی اہلیت بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالکبیرخان زرکون نے وائس چانسلر کوبلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا، اس موقع پر بلال خان کاکڑنے کہا کہ بلوچستان مواقع کی سرزمین ہے، بی بی او آئی ٹی صوبے کی یوتھ کو ہنر منداورجدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہرممکن تعاون کرے گا، انہوں نے کہا کہ بیوٹمزبلوچستان کا اعلی تعلیمی مرکز ہے، جودور جدید کے تقاضوں کے مطابق نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے کے قدرتی وسائل اور صنعتی مواقع کوبرائے کار لانے کیلئے ان نوجوانوں کو تیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل روشن ہے، کئی بڑے سرمایہ کار گروپ اور کمپنیاں یہاں کا رخ کر رہی ہیں،متعدد منصوبے شروع ہونیوالے ہیں صوبے کے نو جوان ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔