[پبلک ویلفیئر کلب پسنی ہال گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھا، جس کی بحالی اور تعمیر نو عوامی مطالبے پر عمل میں لائی گئی

منگل 29 اپریل 2025 23:00

گوادر/پسنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء)رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پبلک ویلفیئر کلب پسنی کے تزئین و آرائش شدہ ہال کا فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس پروقار افتتاحی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر پسنی مہیم خان گچکی، ایس ڈی او ہربن زوہیر اکرم، ماہیگیر رہنما عزیز اسماعیل، ادبی تنظیم ''ازم آزمان'' کے صدر میر کمبر کلمتی، حیوانات آفیسر ڈاکٹر الہی بخش، وائس چیئرمین فہیم علی جوہر سمیت علاقے کے معززین، ادیب، سماجی کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

واضح رہے کہ پبلک ویلفیئر کلب پسنی ہال گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھا، جس کی بحالی اور تعمیر نو عوامی مطالبے پر عمل میں لائی گئی۔ یہ ہال عوامی ملکیت ہے، جو مختلف سماجی، ثقافتی، ادبی اور فلاحی سرگرمیوں کا مرکز بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے عوامی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے ہال کی بحالی کے لیے بروقت اقدامات کیے۔

افتتاحی تقریب کا اہتمام ادبی تنظیم ''ازم آزمان'' پسنی نے کیا۔ اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ویلفیئر کلب ہال عوامی ورثہ ہے اور متعلقہ ذمہ داروں کی ذمہ داری ہے کہ اس کی بہتر دیکھ بھال کر کے اسے فعال رکھا جائے تاکہ یہاں ادبی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیاں بحال رہیں۔ تقریب کے اختتام پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جڈی عید میڑہ کی کامیابی اور کئی سالوں سے زیرِ استعمال خستہ حال شامیانے کی جگہ نیا شامیانہ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔