یوم مزدور 2025 ، این آئی آر سی اور آئی ایل او کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس کل منعقد ہوگی

بدھ 30 اپریل 2025 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے اشتراک سے کل یکم مئی کو اسلام آباد میں ایک تاریخی بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہو گی ۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ہونے والی اس کانفرنس کا موضوع "تبدیلی کے ساتھ ہم آہنگی" رکھا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں مزدوروں کے حقوق، صنعتی ہم آہنگی اور عالمی معیارات سے ہم آہنگ قانون سازی کے فروغ پر مکالمہ اور مشاورت کو فروغ دینا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ 1969 کے بعد این آئی آر سی اس نوعیت کی بڑی قومی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے، جس میں وفاقی وزراء، سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے معزز ججز، مزدور یونینز کے رہنما، صنعتی اداروں کے مالکان، قانونی ماہرین اور آئی ایل او کے اعلیٰ نمائندگان شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی صدارت چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کریں گے جبکہ افتتاحی خطاب بھی وہی کریں گے۔

ان کے بعد معروف قانون دان بیرسٹر ظفراللہ خان "اسلام میں مزدور اور آجر کے حقوق و فرائض" پر اظہارِ خیال کریں گے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل "پاکستانی عدلیہ کی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کاوشوں" پر کلیدی خطاب کریں گے۔کانفرنس میں مختلف تکنیکی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ پہلے سیشن کی صدارت سابق جج سپریم کورٹ جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے کریں گے اور اس سیشن کا موضوع "انڈسٹریل ہارمنی اینڈ سوشل ڈائیلاگ " ہوگا، جس میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کیچھی ، زرعی ترقیاتی بینک کے صدر طاہر یعقوب بھٹی ، ایڈیشنل سیکرٹری پاکستان ریلویز شعیب عادل ، یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے ایم ڈی فیصل نثار چوہدری ، سی ای او جیو ٹی وی میر ابراہیم رحمان اور یونی لیور پاکستان کے ڈائریکٹر سراج حسین صنعتی اداروں کے نمائندگان کی حیثیت سے جبکہ ٹریڈ یونینز کے رہنما پینل ڈسکیشن میں شامل ہونگے ۔

نظامت سلمان منصور صدیقی، جنرل سیکریٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کریں گے۔دوسرے سیشن کی صدارت وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کریں گے، جس میں "انڈسٹریل ریلیشنز ایکٹ 2012 کے تحت شکایات کے ازالے" اور "پاکستان کی آئی ایل او کنونشنز سے وابستگی" جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ اس سیشن میں ایڈووکیٹ عمران شفیق بطور میڈیٹر شریک ہوں گے جبکہ مزدور امور کے ماہر افتخار احمد اور لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

اختتامی سیشن میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ "پاکستان میں موجودہ قوانین کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں" پر روشنی ڈالیں گے جبکہ آئی ایل او پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر گیر ٹونسٹول "کام کی دنیا کے مستقبل" کے بارے میں کلیدی خطاب کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی جائیں گی اور شرکاء کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام ہوگا۔چیئرمین این آئی آر سی نے اس کانفرنس کو مزدوروں کے حقوق کے فروغ اور صنعتی ہم آہنگی کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’وی 2025‘‘ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک سوچ ہے، جو مکالمے، احترام اور شراکت داری پر مبنی ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھتی ہے۔