سندھ ہائی کورٹ نے ائیر پورٹ کے قریب خود کش حملے کے کیس کی ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت16مئی تک ملتوی کردی

بدھ 30 اپریل 2025 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے ائیر پورٹ کے قریب خود کش حملے کے کیس کی ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت16مئی تک ملتوی کردی ہے ۔سندھ ہائیکورٹ میں ائیر پورٹ کے قریب خود کش حملے کے کیس کی ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ملزمہ گل نسا کی جانب سے شوکت حیات ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل صفائی نے موقف دیا کہ ملزمہ کی گرفتاری کو 6 ماہ ہوگیے ہیں تاحال پولیس نے کیس کا حتمی چالان جمع نہیں کرایا۔

پولیس کی جانب سے جمع کروائے گئے عبوری چالان کو حتمی سمجھا جائے۔ کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی تھی اسکی رپورٹ کی نقول فراہم کی جائیں۔ ملزمہ پر لگائے گئے سہولتکاری، کالعدم تنظیم سے روابط کے دستاویزات فراہم کیئے جائیں۔

(جاری ہے)

پراسکیوشن کی جانب سے کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ حتمی چالان پیش کرنے میں فارنسک پراسیس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔

3 یو ایس بیز لاہور فارنسک معائنے کیلیے بھیجی ہیں، وہ سیل ہیں۔ رپورٹس مل گئی ہیں جن کے مطابق ریکارڈ میں مواد موجود ہے۔ مواد کی جانچ پڑتال کیلیے یو ایس بیز کی ضرورت ہے، اسلیے ڈی سیل کرنے کی درخواست کی ہے۔ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی رپورٹ فراہم کرنے کیلیے اس مرحلے پر حتمی چالان آنے تک ہدایت جاری نہیں کرسکتے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں مواد کی جانچ پڑتال کیلیے مذید مہلت دیجائے۔ عدالت نے سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔ پولیس کے مطابق اکتوبر 2024 میں کراچی ائیر پورٹ کے قریب چینی باشندوں پر خود کش حملہ کیا گیا تھا۔ حملے میں دو غیر ملکی ہلاک ہوگئے تھے۔ کیس میں ملزمہ گل نسا اور جاوید گرفتار ہیں۔ ملزمان پر خود کش حملے میں سہولتکاری کا الزام ہے۔