Live Updates

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ کی ملاقات ،ریڈیو پاکستان کی ترقی، اپ گریڈیشن اور قومی بیانیے کے فروغ میں کردار پر تفصیلی گفتگو

بدھ 30 اپریل 2025 18:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)قائم مقام چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سیدال خان سے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ریڈیو پاکستان کی کارکردگی، ادارے کی ترقی و بہتری اور خصوصاً صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخوا میں ریڈیو اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور عوامی سہولیات کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو ادارے کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ، خضدار، تربت، گوادر، مکران سمیت بلوچستان کے دیگر اہم علاقوں میں قائم ریڈیو اسٹیشنز کی ڈیجیٹل اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے، تاکہ عوام تک معیاری نشریات، اطلاعات اور تفریح کے جدید ذرائع بروقت پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھی عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریڈیو اسٹیشنز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ریڈیو پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ عوام تک بروقت اور مستند معلومات، خبروں اور تفریح کی فراہمی کا موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے نہ صرف امن دنوں میں قوم کو تفریح فراہم کی بلکہ قومی سلامتی کے نازک مواقع اور جنگ کے دنوں میں عوام میں جذبہ حب الوطنی، یکجہتی اور جوش و ولولہ پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ ادارے کی بہتری اور جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈیشن سے عوام کو مزید معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں معلومات کی بروقت رسائی ممکن ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے اور اطلاعات کے شعبے کو بھی خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے بھارت کی جانب سے جاری جھوٹے پروپیگنڈے اور منفی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے جھوٹ کا پاکستان نے ہمیشہ مؤثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے قومی مفاد میں بہتر حکمت عملی اپنائی ہے اور ایوان بالا (سینیٹ) نے بھی بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف مؤثر قرار داد منظور کی ہے جس میں اراکین سینیٹ نے جس جرات مندانہ مؤقف کا اظہار کیا ہے، وہ قابل تحسین ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ریڈیو پاکستان معلومات کے فروغ اور قومی بیانیے کے مؤثر ابلاغ میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے ادارے کی بہتری کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات