انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو امتحان ،انگریزی لازمی کا پرچہ دیتے جعلی امیدوار رنگے ہاتھوں گرفتار

بدھ 30 اپریل 2025 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)لاہور بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے انگریزی لازمی کے پرچے میں نقالی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کنٹرولر امتحانات زاہد میاں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ ہائی سکول رائیونڈ روڈ میں ایک جعلی امیدوار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق علی فاروق نامی نوجوان دانش رحمان کی جگہ انگریزی کا پرچہ دے رہا تھا۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش جعلی امیدوار نے اعتراف کیا کہ وہ فی پرچہ 5 ہزار روپے کے عوض دیتا ہے جبکہ تمام پرچے دینے کا 70 ہزار روپے میں سودا طے پایا تھا۔کنٹرولر امتحانات زاہد میاں نے جعلی امیدوار کے خلاف مقدمہ درج کرا کے اسے پولیس کے حوالے کر دیا ہے جبکہ اصلی امیدوار دانش رحمان کے خلاف یو ایم سی قائم کیا جا رہا ہے۔ زاہد میاں کا کہنا تھا کہ دانش رحمان پر آئندہ بورڈ امتحانات میں شرکت پر پابندی بھی عائد کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایسے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا جو تعلیمی نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :