فیصل آباد،جماعت اسلامی کی ٹریفک پولیس کی طرف سے شہریوں کے بلاوجہ چالان کرنے کی شدید مذمت

بدھ 30 اپریل 2025 21:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء)جماعت اسلامی کی ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدرمیاںطاہر ایوب نے ٹریفک پولیس کی طرف سے شہریوں کے بلاوجہ چالان کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک وارڈنز نے شہر میں چلنے والی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کی بجائے سارا زور موبائل فون استعمال کرنے اور شہریوں کے چالان کرنے پر لگا رکھا ہے۔

شدید گرمی میں ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزیوں پر شہریوں کو بلا جو از پریشان کیا جاتا ہے اور بھاری جرمانے عائد کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس نے صوبائی حکومت طرف سے ملنے والے مطلوبہ ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے شہریوں کے بلاوجہ چالان کرنے شروع کر رکھے ہیں ۔ پنجاب حکومت نے اپنے خسارے کا سارا بوجھ شہریوں پر ڈال دیا ہے جس کے نتیجہ میں ہر چوک میں کھڑے وارڈنز ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے چالان پر چالان کئے جا رہے ہیں،چالان کرنے کی بجائے شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے اور ٹریفک کے نظام کو بہترکیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بیروزگاری ، بدامنی نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، لوگ فاقوں سے تنگ آ کر خود کشیاں کر رہے ہیںاس پرٹریفک پولیس کی طرف سے شہریوں پر ہونے والا یہ ظلم ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے ڈی سی اور سی ٹی او فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وارڈنز کو ہدائت کی جائے کہ شہریوں کے چالان کرنے کی بجائے ٹریفک کو بھی کنٹرول کریں ۔انہوں انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر انتظامیہ نے اپنی روش کو تبدیل نہ کیا تو اس کے خلاف بھر پور احتجاج کیا جائے گا ۔