طلباء اور اساتذہ کے وفد کا نیب بلوچستان کا دورہ

بدھ 30 اپریل 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق اور انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی مہم کے تحت ، قومی احتساب بیورو (بلوچستان )نے29 اپریل 2025 کو بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) کے طلباء اور اساتذہ کے ایک وفد کو مدعو کیا۔ وفد کی قیادت پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نگینہ گل نے کی۔

ڈائریکٹر جنرل نیب (بلوچستان) نعمان اسلم نے وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شفافیت کے عمل کو فروغ دینے میں اس طرح کے پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔وفد نے نیب بلوچستان کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کام کے طریقہ کار، بشمول شکایات پر کارروائی، انکوائری اور پراسیکیوشن کے عمل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

(جاری ہے)

عمران مجید ایڈیشنل ڈائریکٹر نے " بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کا کردار" کے عنوان سے ایک معلوماتی لیکچر دیا۔

انہوں نے نیب کی سہہ جہتی حکمت عملی Awareness، Prevention اور Enforcement کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور نیب کے قانون اور اس کی ترامیم کے اہم حصوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء اپنے اخلاق اور پیشہ ورانہ مہارت میں عبور حاصل کر کے بدعنوانی سے بہتر انداز میں نبردآزما ہو سکتے ہیں۔ یہ وصف اْن کے مستقبل میں قائدانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے طلباء سے تفصیلی گفتگو کی اور اْن کے تمام سوالوں کے جواب دیئے،وفد نے نیب کے اقدام کو بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کی جانب انتہائی با مقصد اور اہم سنگ میل قرار دیا۔