,بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص خوراک کے تدارک کیلئے کارروائیوں اور فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری

بدھ 30 اپریل 2025 20:05

Bکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے فوڈ سیفٹی کلچر کے فروغ اور ناقص خوراک کے خاتمے کیلئے اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں پشین اور کوئٹہ میں اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں نے مختلف خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا، جہاں حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، غیر معیاری خوراک کی فراہمی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی عدم پاسداری پر 15 سے زائد مراکز کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے۔

ترجمان بی ایف اے کے مطابق پشین بازار میں دودھ میں ملاوٹ پر دو ملک شاپس، ناقص اجزا کے استعمال پر دو ریسٹورنٹس، زائد المعیاد مصنوعات کی فروخت پر ایک جنرل اسٹور اور فوڈ لائسنس و دیگر قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی پر تین مراکز کے خلاف کارروائی کی گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح کوئٹہ میں دو جنرل اسٹورز، دو فاسٹ فوڈ کارنرز، ایک ملک شاپ اور دو بیکنگ یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے۔

انسپیکشن کے دوران مراکز سے ایکسپائرڈ اشیا اور ممنوعہ خوردنی مصنوعات کی بڑی مقدار برآمد کرکے موقع پر تلف کر دی گئیں۔علاوہ ازیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی ٹیکنیکل وِنگ کی جانب سے ہیلپر پبلک اسکول اینڈ کالج، سیٹلائٹ ٹان کوئٹہ میں ایک خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد طلبہ اور اسٹاف کو صحت مند طرزِ زندگی، خوراک کی حفاظت، متوازن غذا، ذاتی صفائی اور صحیح غذائی عادات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔

سیشن کے دوران "صاف ہاتھ، تندرست جسم!" اور "سمجھداری سے چنے، صحت مند زندگی جِییں!" جیسے متاثر کن پیغامات نے طلبہ و اساتذہ کی توجہ حاصل کی، جنہوں نے سیشن میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی اور اس حوالے سے تعلیمی اداروں میں آگاہی فراہم کرنے کی اتھارٹی کی مثبت و مثر کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :