ہم سیالکوٹ کے شہری مودی کی انتہا پسند سوچ کےآگے چٹان بن کے کھڑے ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعرات 1 مئی 2025 23:02

ہم سیالکوٹ کے  شہری  مودی کی  انتہا پسند سوچ کےآگے چٹان بن کے کھڑے ہیں،ڈاکٹر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کاہر شہری اپنے ملک کا وہ سپاہی ہے جس نے غازی بن کے پاکستان کی سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت کی ہے ، وہ سپاہی بھی ہیں ،وہ اس قوم کے غیور بیٹے اور بہادر جوان بھی ہیں جنہوں نے سینے تان کے گولیاں کھا ئی ہیں ، مخالف کا مقابلہ کیا ہے اور جام شہادت نوش کیا لیکن اس پاک سرزمین کو ناپاک عزائم کا شکار نہیں ہونے دیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیالکوٹ کے شہری مودی کی انتہا پسند سوچ کےآگے چٹان بن کے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا مودی کی ان ناپاک سازشوں اور عزائم کے آگے سیالکوٹ کا رہائشی اپنے ملک کا سب سے پہلا حفاظتی حصار ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے،اس پر بین الاقوامی تنظیمیں، بین الاقوامی ادارے اور خصوصا اقوام متحدہ کو اس پر نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عوام سیسہ پلائی دیوار بن کے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے،عوام اپنی فوج کے ساتھ یکجہتی اور ان کے شانہ بشانہ لڑنے کا عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ وفاداری کرنے کا وقت ہے، اپنی شناخت کو بچانے کا وقت ہے،سب سے پہلے ہماری شناخت پاکستان ہے، پاکستان کے ساتھ وجود جڑا ہے ، پہچان جڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہماری آزادی اتنی آسانی سے نہیں ملی، اس آزادی کی ہم نے قیمت ادا کی ہے ۔