وفاقی وزیر مواصلات کی مری ایکسپریس وے کو ایم ٹیگ پر لانے، غیر قانونی پارکنگ و تعمیرات ختم کرانے کی ہدایات، ناقص انتظامات پر اظہار برہمی

جمعرات 1 مئی 2025 23:02

وفاقی وزیر مواصلات کی مری ایکسپریس وے کو ایم ٹیگ پر لانے، غیر قانونی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مری اسلام آباد ایکسپریس وے پر صفائی ستھرائی، پارکنگ، غیر قانونی راستوں اور دیگر بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے این ایچ اے حکام اور موٹروے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں ان تمام امور پر واضح بہتری نظر آنی چاہئے جس کے فالو اپ کی انہیں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے یہ ہدایات اسلام آباد-مری ایکسپریس وے کے دورے کے دوران جاری کیں اور موجودہ صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کو یہاں بہترین انتظامات ملنے چاہیئں۔ ٹول پلازے پر لگنے والی قطاروں کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایات جاری کیں کہ لاہور-سیالکوٹ موٹروے کی طرح مری ایکسپریس وے کو بھی ایم ٹیگ سے منسلک کیا جائے تاکہ مسافر رکے بغیر اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مری ایکسپریس وے پر اجازت کے بغیر بننے والے راستوں کو فوری طور پر بند کرنے،موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے بغیر رکاوٹ داخلے کو روکنے اور دیگر امور پر مربوط پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ دورے پر ان کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے حکام کو ہدایات دیتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وہ ہر ماہ اس ایکسپریس وے کا خود دورہ کریں گے جہاں حفاظتی باڑ کے ٹوٹنے، ایکسپریس وے کے دونوں اطراف باقاعدہ لائننگ اور خوبصورتی سمیت دیگر معاملات کو دیرپا بنیادوں پر حل ہونا چاہیے،اسی طرح سیزن کے دوران رش کے دنوں میں موجودہ ٹول پلازے پر خصوصی بندو بست کیا جائے جبکہ اسلام آباد سے مری ’’ریسٹ ایریاز‘‘ کو بھی ضروری سہولیات سے مزین کریں تاکہ دور دراز سے آنے والے سیاحوں کو آرام کرنے کا موقع مل سکے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات نے خود کئی مقامات پر رک کر مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ شہریوں اور سیاحوں نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا مختلف جگہوں پر خیر مقدم کیا اور ان کے اقدامات کو سراہا اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔