Live Updates

۔بلوچستان میں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات و مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ، اختر خان

بدھ 30 اپریل 2025 20:05

گ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء) وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے صنعتی پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات و مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے پیداواری شعبہ جات کی ترقی ہی ملک اور صوبوں کی معاشی ترقی کی ضامن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف چیمبر آف کامرس کے عہدیداران،ملک کے صنعتی و تجارتی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی ،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ نے زوم لنک کے ذریعے شرکت کی اور بلوچستان کی صنعت و تجارت سے منسلک افراد کو درپیش مشکلات بارے بتایا اور کہا کہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور صوبے کے مختلف اضلاع میں قائم صنعتی یونٹس میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے بلکہ ہمسائیہ ممالک کے ساتھ بارڈر اور بارٹر ٹریڈ میں بھی مختلف پیچیدگیاں موجود ہیں جو برآمدات کو بڑھانے اور قانونی تجارت کی راہ میں رکاوٹ ہے، انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے حالات ملک کے دیگر اکائیوں سے یکسر مختلف ہے اس لئے یہاں بزنس اور صنعتکاری کے شعبوں سے وابستہ افراد کو ریلیف دینے اور آسانیاں پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہیں،انہوں نے بلوچستان میں صنعتی زونز کی فعالی،بنیادی سہولیات کی فراہمی،کسٹمز اور ٹرانسپورٹ مسائل کے لئے فوری اقدامات کی بھی استدعا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے صنعتی پیداوار ہارون اختر نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر آج منعقد ہونے والے آج کے اس اجلاس کا مقصد ملک بھر میں صنعتی پیداوار میں رکاوٹ بننے والے عوامل اور ان کی وجوہات بارے جانکاری لینا تھی مجھے خوشی ہے کہ ملک بھر سے چیمبر آف کامرس کے عہدیداران و ممبران اور صنعتی و تجارتی تنظیموں کے حکام کی جانب سے ہمیں درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا اور اس بابت مختلف تجاویز دی گئی ہم صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات و مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے پیداواری شعبہ جات کی ترقی ہی ملک اور صوبوں کی معاشی ترقی کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اس سلسلے میں کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات