Live Updates

پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے، بھارت کو دندان شکن جواب دیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 30 اپریل 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) بلوچستان اسمبلی میں بھارتی الزامات کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی ملکی سلامتی پر حکومت اور اپوزیشن یک زبان ہو گئی، اراکین نے جارحیت کی صورت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ،وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے بھارت کو دندان شکن جواب دیں گے،پاکستان کی سالمیت کیلئے بلوچستان وفاق کے ساتھ ہے ،بدھ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا ،اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رکن زرین مگسی نے بھارتی الزامات کے خلاف مشترکہ قرارداد پیش کی ،قرارداد کے متن کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں یہ ایوان بھارتی الزامات کی مذمت کرتاہے وفاقی حکومت، بھارت کے الزامات کو عالمی برادری کے سامنے پیش کرے، قرارداد پر بحث کے دوران اراکین نے بھارت کے الزامات پر شدید ردعمل دیا، سردار عبدالرحمان کھیتران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حیران کن بات ہے کہ واقعہ کے دس منٹ کے بعد پاکستان کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے ،پاکستان کی سالمیت کے حوالے سے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔

(جاری ہے)

اقلیتی رکن سنجے کمار نے کہا کہ مودی سرکار بدحواسی کا شکار ہے اگر بھارت نے جنگ کا سوچا تو پاکستان میں تمام ا قلیتیں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں ۔ اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے کہا کہ بھارت کو سخت جواب دیں گے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بھارتی الزامات کے خلاف پیش کردہ قرارداد پر خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ پاکستان کی سالمیت ہم سب یکجا ہیں ،جنگ اچھی چیز نہیں اگر مسلط ہوئی تو آخری حد تک جائیں گے ،پاکستان کی سالمیت کیلئے بلوچستان وفاق کے ساتھ ہے قرارداد پر دیگر حکومتی اور اپوزیشن اراکین نے بھی یک زبان ہو کر بھارت کو جواب دیا، ایوان میں بھارتی الزامات کے خلاف مشترکہ قرارداد منظور کرلی گئی جس کے بعد بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو مئی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات