Live Updates

برآمدات قومی معیشت کی لائف لائن ہے، چیف انسٹرکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ

بدھ 30 اپریل 2025 20:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیف انسٹر کٹر قذافی رند نے برآمدات کو قومی معیشت کی ”لائف لائن“ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ کے تحت برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان سمیت پوری بزنس کمیونٹی کو مل کر سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

وہ مختلف ملکوں میں تعینات ہونے والے نئے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ افسروں کے ہمراہ فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برآمد کنندگان سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں برآمدات کو بڑھانا کوئی آسان کام نہیں لیکن انہیں یقین ہے کہ مشترکہ کاوشوں سے اس ہدف کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تجارت جام کمال کی ہدایت پر نئے تعینات ہونے والے افسروں کا براہ راست مختلف چیمبرز سے رابطہ کروا رہے ہیں تاکہ وہ برآمدکنندگان کو درپیش مسائل کو معلوم کرکے ان کوحل کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر ٹریڈ مشنز کی تعداد 69 کردی گئی ہے تاکہ برآمدی اہداف کو جلد حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ افسروں سے نہ صرف رابطہ رکھیں بلکہ ان کو اپنی کمپنیوں اور مصنوعات کے بارے میں بروشر، سٹینڈیز یا سیمپل بھی ارسال کریں تاکہ وہ ان ملکوں کی منڈیوں میں ان کو متعارف کراسکیں۔

اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سنجیدگی سے توقع ہے کہ معاشی بحالی کا ہدف جلد حاصل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان سے امریکہ کیلئے آم کی برآمدات بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ وہاں تعینات ہونے والے افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ آئی ٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں ہماری برآمدات 2.48 ارب ڈالر نہیں بلکہ 10 ارب سے بھی زائد ہیں مگر فنانشل گیٹ وے نہ ہونے کی وجہ سے بہت سی کمپنیاں اپنے دفاتر دوسرے ملکوں میں منتقل کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کو سہولتیں مہیا کرکے برآمدات کو 20 ارب تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے افسروں کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور کہا کہ ان کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دستاویزی فلم مہیا کردی جائے گا تاکہ وہ اس کو پوٹینشل درآمدکنندگان کو دکھا سکیں۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیف انسٹر کٹر قذافی رند کے درمیان شیلڈوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

آخر میں ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ افسروں اور ان ملکوں سے تجارت کرنے والے فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کے درمیان الگ الگ ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں درپیش مسائل اور ان کے حل کے ذریعے برآمدات بڑھانے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی فیصل آباد کی ڈائریکٹر ناہید اختر بھی موجود تھیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات