پ*قتل کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم عمران کی اپیل پر سماعت

بدھ 30 اپریل 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں قتل کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم عمران کی اپیل پر سماعت ہوئی، ٹرائل کورٹ نے پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر عمران کو عمر قید کی سزا کا حکم سنایا تھا،جسٹس علی ضیائ باجوہ نے 6 مئی کو پولی گرافک ٹیسٹ کے رولز ، پروٹوکولز اور دلائل طلب کرلئے،عدالت نے قرار دیا کہ بیان حلفی کی بنیاد پر پولی گرافک ٹیسٹ لینے کی حیثیت صفر ہے، اگر کسی کا بیان لینا مقصود ہو تو مجسٹریٹ کے سامنے ہی لیا جا سکتا ہے، پولی گرافک ٹیسٹ ایکسپرٹ کی رائے سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا، اس رپورٹ کی حیثیت عدالت کے سامنے دیئے گئے ایک بیان سے زیادہ نہیں، پراسیکیوٹر جنرل قانون کی نگرانی کی ہدایت کرتا ہے تو وہ اپنے اختیار کو استعمال کریں، فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈی جی ڈاکٹر امجد کو بلائیں، پراسیکیوٹر جنرل صاحب ڈی جی کو اپنے دفتر بلا کر ایس او پیز کا بتائیں، عدالت عالیہ کا پہلے سے فیصلہ موجود ہے کہ تمام رپورٹس عدالت پیش ہونی چاہئیں، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے موقف اپنایاکہ ایکسپرٹ کا رپورٹ بنا کر خود ہی گواہ بننا قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، جب تک ایس او پیز نہیں بنیں گے ایسے ہی غلط پریکٹس چلتی رہے گی۔