Live Updates

ایچ ای سی کے زیر اہتمام پاکستان یونیورسٹیز تقریری مقابلوں کے علاقائی رائونڈ کا آغاز

بدھ 30 اپریل 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام پاکستان یونیورسٹیز ڈیبیٹنگ چیمپئن شپ (پی یو ڈی سی)2024-25 کا آغاز کر دیا گیا- ترجمان ایچ ای سی ریجنل سنٹر لاہور کے مطابق اس سالانہ ایونٹ کا مقصد ملک بھر کی جامعات کے طلبہ میں قیادت، تنقیدی سوچ اور تقریر کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی سطح کے مراحل کے تحت پنجاب ریجنل رائونڈ بدھ کے روز پنجاب یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوا جس کا اہتمام ایچ ای سی لاہور ریجنل سنٹر نے کیا۔

اس ایونٹ میں پنجاب بھر کی 50سے زائد سرکاری و نجی جامعات کے 320 سے زیادہ طلبہ اور ان کے فوکل پرسنز نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ شرکا نے انگریزی اور اردو پارلیمانی طرزِ مباحثے میں غیر معمولی فصاحت و بلاغت اور فکری گہرائی کا مظاہرہ کیا اور قومی و عالمی اہمیت کے موضوعات پر اپنی شاندار کارکردگی دکھائی، ہر یونیورسٹی کی جانب سے 6رکنی مباحثہ ٹیم نے مختلف موضوعات پر مباحثہ کیا جن کی جانچ 6ممتاز ججز نے کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ خصوصی ریکٹر یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف تھے۔ وائس چانسلر لاہور گیریژن یونیورسٹی میجر جنرل (ر) محمد خلیل ڈار (ہلالِ امتیاز ملٹری) نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی جبکہ ایچ ای سی لاہور ریجنل سنٹر کے ڈائریکٹر جنرل غلام نبی بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے نوجوانوں کی تعمیری مکالمے میں شرکت اور مستقبل کی قیادت کی تیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایچ ای سی کئی سالوں سے تقریری مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے جس کا مقصد نوجوانوں میں قائل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے تاکہ وہ تکنیکی مہارت اور فصاحت کے ساتھ پبلک فورمز پر کامیاب مقرر بن سکیں اور دوسروں کے نظریات کا احترام کرتے ہوئے گفتگو کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے طلبا کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کے لئے طلبہ میں تعمیری و تنقیدی سوچ کا اجاگر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن طلبا و طالبات کو صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات دیئے گئے، پہلی پوزیشن کا انعام 1,00,000روپے، دوسری پوزیشن کیلئے 80,000روپے جبک تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کیلئے 60,000روپے دئیے گئے -انگریزی مباحثہ میں گفٹ یونیورسٹی، گوجرانوالہ ، این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن لاہور نے کامیابی حاصل کی جبکہ اردو مباحثہ میں یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور، گورنمنٹ صادق کالج فار ویمن یونیورسٹی بہاولپور اور دی ویمن یونیورسٹی ملتان نے کامیابی حاصل کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ریجنل چیمپئنز اب اگلے ماہ ایچ ای سی ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پی یو ڈی سی 2024-25کے نیشنل رائونڈ میں شرکت کریں گے جہاں پاکستان بھر کی جامعات کی ٹاپ ٹیمیں قومی ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی لاہور ریجنل سنٹر غلام نبی نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر آرگنائزنگ ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر عامر ممتاز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر و فوکل پرسن ذیشان احمد کی انتھک محنت کو سراہا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات