وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا عالمی یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کو خراج تحسین

جمعرات 1 مئی 2025 11:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں یومِ مزدور منایا جا رہا ہے، یہ دن ہمیں ان محنت کشوں کی عظمت اور جدوجہد یاد دلاتا ہے جو خاموشی سے ہماری معیشت کو چلانے، شہروں کو آباد کرنے اور ترقی کی بنیادیں رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

ہر تعمیر شدہ عمارت، ہر بچھائی گئی سڑک، ہر فعال ادارے کے پیچھے ایک محنت کش کی محنت ہے اور یہ محنت، یہ قربانیاں ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں. عالمی یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی و خوشحالی میں مزدور طبقے کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ہم اس محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے تحفظ کو یقینی بنا کر ہی ترقیاتی اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ ایک عوامی خادم کے طور پر آج فخر کے ساتھ کہ سکتے ہیں کہ ان کی حکومت نے مزدور طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں، تاہم اس سلسلے میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ صوبائی حکومت نے اب تک جو عملی اقدامات کیے ان کا مقصد محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کو بہتر زندگی کی جانب گامزن کرنا تھا۔ سال2024-25 میں محنت کشوں کے بچوں کے لیے 72 کروڑ 93 لاکھ روپے کے وظائف دیے گئے تاکہ ان کے تعلیمی خوابوں کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے۔

جہیز گرانٹ کے تحت 341 مستحق خاندانوں کو 4 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے 13 کروڑ روپے سے زائد کی امداد دی گئی۔ اسی طرح وفات گرانٹ کے تحت 44 خاندانوں کو 8 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 36 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی تاکہ انہیں دکھ کی گھڑی میں سہارا دیا جا سکے۔ علاوہ ازیں ریگی للمہ لیبر کمپلیکس میں 2056 فلیٹس مکمل کیے جا چکے ہیں، جو رواں سال صنعتی مزدوروں کو الاٹ کیے جائیں گے۔

حج اسکیم کے تحت اس سال بھی 10 محنت کشوں کو حکومتی اخراجات پر حج کی سعادت حاصل ہو گی۔ اسی طرح دیگر شعبوں میں بھی مزدوروں کی فلاح کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ خوشحال پختونخوا پروگرام کے تحت اب تک 3811 محنت کشوں کے بچوں کو چینی زبان، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید کورسز میں داخلہ دیا جا چکا ہے۔ ورکز ویلفیئر بورڈ کے اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے والدین کو شفاف طریقے سے 13 کروڑ 52 لاکھ روپے کی مالی معاونت دی گئی، جس میں سے 11 ہزار طلبا کو ٹرانسپورٹ کے لیے 1 کروڑ 83 لاکھ روپے جبکہ یونیفارم کے لیے 4 کروڑ 23 لاکھ روپے فراہم کیے گئے۔

کتابوں کے لیے بھی 7 کروڑ 46 لاکھ روپے فراہم کیے گئے جس سے 14 ہزار طلبا مستفید ہوئے۔ یہ تمام تر اقدامات محنت کش طبقے کی فلاح کے لیے ہمارے عزائم کا عملی مظاہرہ ہیں۔ تاہم وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کا عزم مذکورہ اقدامات تک محدود نہیں ہے، محنت کشوں کی فلاح و معاونت کا یہ سفر مزید بہتر انداز میں جاری رہے گا۔ علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر خیبر پختونخوا کے ہر مزدور کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش ہماری اصل پہچان ہیں اور قیمتی سرمایہ ہیں، معاشرے کے ہر فرد کو ان معماروں کی قدر کرنی چاہیے، آئیں ہم سب مل کر ایک ایسا خیبر پختونخوا بنائیں جہاں محنت کو عزت، اور محنت کش کو تحفظ حاصل ہو کیونکہ محنت کش جتنا محفوظ، مضبوط اور خوشحال ہوگا، قومی ترقی و خوشحالی کی بنیادیں بھی اسی قدر مضبوط اور دیر پا ہوں گی۔