ہم صرف فیصلہ کرتے ہیں انصاف تو اللہ کی طرف سے ملتا ہے، جسٹس جمال مندوخیل

ہمارے حلف کے الفاظ دیکھ کر ڈر لگتا ہے، مجھے خوف ہے کہ جو میرا حلف ہے کہیں میں اس کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہا؟ اللہ ہمیں حلف کی پاسداری کرنے کی توفیق عطا کرے؛ عالمی یوم مزدور کانفرنس سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 مئی 2025 11:15

ہم صرف فیصلہ کرتے ہیں انصاف تو اللہ کی طرف سے ملتا ہے، جسٹس جمال مندوخیل
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2025ء ) سپریم کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم ججز انصاف نہیں کرتے، انصاف تو اللہ کا کام ہے ہم تو بس فیصلہ کرتے ہیں، ہم نے کسی کے دباؤ اور لالچ کے بغیر بلا خوف خطر اور قانون کے اندر رہتے ہوئے فیصلہ کرنا ہے۔ عالمی یوم مزدور کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ججز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ زیادہ مل جول نہ رکھیں، اس لیے ہم ججز کسی سے نہیں مل سکتے، مزاج کے برخلاف ہم تنہائی میں ہوتے ہیں، فاصلہ رکھتے ہیں تاکہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، ہم جب کسی کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو اس پر بحث شروع ہو جاتی ہے۔

سپریم کورٹ کے جج کا کہنا ہے کہ ہم جج اپنے سامنے موجود دستاویز کو دیکھ کر فیصلہ کر رہے ہوتے ہیں، سوال یہ ہے کہ کیا ہم اپنے کام کے ساتھ انصاف کر رہے ہیں، ہمارے حلف کے الفاظ دیکھ کر ڈر لگتا ہے، صبح دیر سے آنا میری کمزوری ہے کیا کروں اس عمر میں عادت نہیں بدل سکتا کیا کروں ؟ مجھے خوف ہے کہ جو میرا حلف ہے کہیں میں اس کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہا؟ اللہ مجھے اور میرے ساتھیوں کو حلف کی پابندی کرنے کی توفیق دے۔

(جاری ہے)

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آپ حیران ہوں گے کہ میں کیا کہہ رہا ہوں، انصاف تو اللہ کا کام ہے، ہم تو بس فیصلہ کرتے ہیں، آئین کے تحت ہم فیصلہ کرتے اور اس کا تحفظ کرتے ہیں، ہمیں جو بھی فیصلہ کرنا ہے وہ کسی کے دباؤ، خوف یا لالچ میں آئے بغیر کرنا ہے، آئین اسلام کے اصولوں کے مطابق ہے اور آئین ہمیں باور کرواتا ہے کہ تمام انسانوں کے حقوق برابر ہیں۔ آئین کے مطابق غلامی ختم کر دی گئی ہے، کوشش ہے کہ ہر انسان کے حقوق کا دفاع کرسکیں کیوں کہ ہمارا ادارہ آخری ادارہ ہے، آئیں جو بھی مسئلہ ہے اس پر مل بیٹھیں اور مسائل بات چیت سے حل کریں۔

متعلقہ عنوان :