Live Updates

جو بھی ہوگا، دیکھا جائے گا، ہم پاکستان ضرور جائیں گے!

ہم صرف اپنے والد سے ملنا چاہتے ہیں، اور ہم پُرعزم ہیں کہ انہیں جیل سے نکال کر رہیں گے، عمران خان کے صاحبزادوں کا انٹرویو

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 اگست 2025 00:17

جو بھی ہوگا، دیکھا جائے گا، ہم پاکستان ضرور جائیں گے!
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست2025ء) عمران خان کے صاحبزادوں نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جو بھی ہوگا، دیکھا جائے گا، ہم پاکستان ضرور جائیں گے! ہم صرف اپنے والد سے ملنا چاہتے ہیں، اور ہم پُرعزم ہیں کہ انہیں جیل سے نکال کر رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے صاحبزادوں قاسم خان اور سلیمان خان کی جانب سے غیر ملکی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا گیا کہ "عمران خان کو ایک چھوٹے سے کمرے میں، شدید گرمی میں، بغیر پنکھے کے قید کیا ہوا ہے۔

ان کا وزن تیزی سے کم ہو رہا ہے، اور 73 سال کے ایک شخص کے لیے یہ ٹھیک نہیں ہے۔ ان کے پاس کسی بھی قسم کے قتل کی سازش کرنے کے بہت سے طریقے ہیں، کیونکہ ان کا مکمل کنٹرول ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "اپنے والد کو 3 سال سے نہیں دیکھ سکے، اور کئی مہینوں سے ان سے بات بھی نہیں ہو پائی۔

(جاری ہے)

یہ ظلم ہے ایسا لگتا ہے جیسے "وہ" انہیں توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بدترین فسطائیت کے ذریعے ہمارے والد کو توڑنا چاہتے ہیں، ہمیں رات 2 بجے میسج دیا جاتا تھا کہ آپ کی صبح 9 بجے عمران خان سے بات کروائی جائے گی اور اگر آپ نے موقع ضائع کیا تو اگلے 2 مہینے موقع نہیں ملے گا۔ ہمارے والد روزانہ 22 گھنٹے ایک بہت چھوٹی سی کوٹھری میں قید رہتے ہیں۔ کتابوں، وکیل، معالج اور خاندان تک رسائی بہت محدود ہے۔ جیل کے حالات انتہائی خراب ہیں۔

وہاں ہیپاٹائٹس سی کی وجہ سے دس قیدی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ انہیں استعمال کے لیے گندا پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ " پاکستان آنے کے حوالے سے عمران خان کے صاحبزادوں نے کہا کہ "ہم نے پاکستان کے ویزے کے لیے اپلائی کیا ہوا ہے، لیکن ان کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا۔ ہمیں حکومتِ پاکستان کے کچھ لوگوں کی طرف سے خبردار کیا گیا کہ اگر ہم پاکستان پہنچے، تو ہمیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

جو بھی ہوگا، دیکھا جائے گا۔ ہم پاکستان ضرور جائیں گے۔ ہم صرف اپنے والد سے ملنا چاہتے ہیں، اور ہم پُرعزم ہیں کہ انہیں جیل سے نکال کر رہیں گے۔" اپنے انٹرویو کے دوران عمران خان کے صاحبزادوں نے پیغام دیا کہ "جمہوریت کا احترام کرو، پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام کرو، جو کہ 8 فروری الیکشن میں بدترین دھاندلی کرکے نہیں کیا گیا۔ قانون کی حکمرانی کا احترام کرو، فیئر ٹرائل کا موقع دو۔"
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات