ارشد شریف قتل کیس: کینیا کی عدالت نے پولیس کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دے دیا، جویریہ صدیق کا پاکستان میں انصاف کا مطالبہ

جمعہ 1 اگست 2025 22:10

ارشد شریف قتل کیس: کینیا کی عدالت نے پولیس کو غیر قانونی اور غیر آئینی ..
نیروبی / اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اگست2025ء) کینیا کی اپیل کورٹ نے معروف پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کیس میں اہم فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ ارشد شریف کی ہلاکت میں ملوث کینیا کے پولیس افسران نے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کیا۔ عدالت نے آزاد پولیس نگرانی اتھارٹی (IPOA) کو حکم دیا ہے کہ وہ 30 دن کے اندر اندر ارشد شریف کے اہل خانہ کو اپنی تحقیقات، سفارشات، اور ڈائریکٹر پبلک پراسیکیوشن (DPP) کے ردعمل سے آگاہ کرے۔

(جاری ہے)

ارشد شریف کی بیوہ نے عدالتی فیصلے کے بعد اپنے ردعمل میں کہا: "کینیا میں میرے شوہر کے قتل میں ملوث پولیس افسران کے خلاف عدالت نے واضح طور پر غیر قانونی عمل کا اعتراف کیا ہے، لیکن میں اب بھی پاکستان میں انصاف کی متلاشی ہوں، جہاں اس قتل کی سازش رچی گئی تھی۔ میری امید ہے کہ ارشد کے قتل میں ملوث تمام ذمہ داران کو کینیا اور پاکستان دونوں جگہوں پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔" یاد رہے کہ ارشد شریف کو اکتوبر 2022 میں کینیا میں اس وقت گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا جب وہ پاکستان میں جان کے خطرے کے باعث ملک چھوڑ کر جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔ ان کے قتل کے بعد ملکی اور عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور اسے "سوچی سمجھی سازش" قرار دیا گیا تھا۔