پچھلے کچھ دنوں میں چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے مہنگی ہوئی ہے

اگرچینی 100 روپے مہنگی ہوئی تو اس کا مطلب 600 ارب روپے ملزمالکان کی جیب گئے، سب کوپتا کہ چینی کی قلت ہے پھر بھی ایکسپورٹ کی گئی، بجلی گیس کی قیمتیں کہاں پہنچ گئیں؟ یہاں اشرافیہ اپنی جیبیں بھرتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 اگست 2025 21:01

پچھلے کچھ دنوں میں چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے مہنگی ہوئی ہے
اسلام آباد  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اگست 2025ء) عوام پاکستان پارٹی کے کنوینئر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پچھلے کچھ دنوں میں چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے مہنگی ہوئی ہے، اگر چینی 100 روپے مہنگی ہوئی تو اس کا مطلب 600 ارب روپے ملزمالکان کی جیب گئے، سب کو پتا کہ چینی کی قلت ہے پھر بھی ایکسپورٹ کی گئی، بجلی گیس کی قیمتیں کہاں پہنچ گئیں؟ یہاں اشرافیہ اپنی جیبیں بھرتی ہے۔

راولپنڈی میں عوام پاکستان پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی نے اپنا سیاسی سفر ایک سال قبل شروع کیا تھا، عوام پاکستان پارٹی کا وجود اب پورے پاکستان میں موجود ہے۔ جن جماعتوں نے الیکشن لڑا ان کی کارکردگی سب کے سامنے ہے، اسمبلیوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو پیسے دے کر ممبر اسمبلی بنے۔

(جاری ہے)

ان لوگوں نے پیسے دے کر عہدے حاصل کئے ۔

انہوں نے کہا کہ چینی ملز مالکان براہ راست مال آڑھتی کو بیچتے ہیں، سب کو پتا ہے کہ ملک میں چینی کی قلت ہے پھر بھی ایکسپورٹ کی گئی۔ پچھلے کچھ دنوں میں چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے مہنگی ہوئی۔ اگر چینی 100 روپے مہنگی ہوئی تو مطلب 600 ارب روپے ملز مالکان کی جیب گئے۔ پچھلے 6 ، 8 سالوں میں سفارش ختم ہوگئی ہے اب یہ ہوتا ہے کہ پیسے دو اور آپ کا کام ہوجاتا ہے۔

کیا پولیس کا نظام بہتر ہوا؟ کیا حکمرانی اور گورننس کا نظام بہتر ہوا؟ بجلی گیس کے بل کہاں پہنچ گئے اشرافیہ اپنی جیبیں بھرتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے حالات بہتر ہوئے لیکن عوام غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔ حکمرانوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہیئے کہ نوجوان ملک چھوڑ کر جارہے ہیں ،ہم نے ان خرابیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ جو حکومت عوامی مینڈیٹ سے نہ آئی ہو، وہ عوام کا کیسے سوچے گی؟ کل بہت سارے لوگوں کو دس دس اور بیس بیس سال کی سزا سنائی گئی، 9 مئی اس ملک کیلئے بڑا سانحہ ہے۔

انصاف کے تقاضے ہوتے ہیں انصاف وہ جو ہوتا نظر آئے۔ اپوزیشن لیڈر کو اگر 30 سال سزا دی گئی ہے تو یہ مقدمہ ٹی وی پر چلانا چاہیئے۔ ملک صرف قانون اور آئین کی بالادستی سے ٹھیک ہوگا۔ سیاست ایک دوسرے کو گالی دینے اور نفرت میں بدل گئی ہے۔ عوام کے مسائل معیشت کی مضبوطی سے حل ہوں گے۔