مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن کایوم مئی پر محنت کشوں کو بھرپورخراجِ تحسین

پاکستان کی ترقی میں مزدوروں کے کلیدی کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا‘علی ارشد رانا

جمعرات 1 مئی 2025 12:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2025ء)پنجاب سیڈ کارپوریشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر علی ارشد رانا نے یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کو بھرپورخراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور نہ صرف ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں بلکہ ان کی فلاح و بہبود سے ہی ایک مضبوط، خوددار اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یوم مئی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مزدوروںکے کلیدی کردار کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا ،پاکستان میں زراعت کی ترقی بھی مزدور کے بہائے گئے پسینے کی بدولت ممکن ہوتی ہے اوراسی زراعت کی ترقی سے ملک کے دیگر شعبوں اور معیشت کا پہیہ چلتا ہے جس سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن بطور ادارہ کھیتوں میں کام کرنے والوں سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی محنت اور عزم کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کے موقع پر مختلف شعبوںمیں کام کرنے والے مزدور خود کو بدلتے ہوئے رجحانات اور جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے عملی کاوش کرنے کے عزم کا اعادہ کریں جس سے نہ صرف ان کی جسمانی مشقت میں کمی ہو گی بلکہ ان کے کام کی نوعیت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔