نادرا کا شہریوں کو گھر بیٹھے پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی سہولت دینے کا اعلان

موبائل ایپ کے ذریعے یہ سہولت سب سے پہلے پنجاب میں متعارف کرائی جائے گی، شہری اہم اندراج آن لائن کراسکیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 مئی 2025 12:03

نادرا کا شہریوں کو گھر بیٹھے پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2025ء ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو گھر بیٹھے پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کی سہولت دینے کی تیاری کرلی۔ تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے ازدواجی حیثیت میں تبدیلی، پیدائش اور وفات کے آن لائن اندراج کی موبائل ایپ تیار کرلیگئی ہے، اس سلسلے میں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے بتایا ہے کہ اس ایپ کے ذریعے شہری زندگی کے اہم واقعات کا اندراج گھربیٹھے کراسکیں گے، موبائل ایپ کے ذریعے یہ سہولت سب سے پہلے پنجاب میں متعارف کرائی جائے گی، جس کے لیے صوبے کی تمام یونین کونسلز میں بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی یونین کونسلز میں نادرا کی طرف سے ون ونڈو کاؤنٹر قائم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نادرا نے صارفین کی سہولت کیلئے اپنی ڈیجیٹل خدمات میں مزید بہتری لاتے ہوئے پاک آئی ڈی ایپلیکیشن کے نئے ورژن میں اسلحہ لائسنس کی تجدید سمیت متعدد سہولیات متعارف کروا دی ہیں، جس کے بعد شہری اب گھر بیٹھے آسانی سے اپنے اسلحہ لائسنس کی تجدید کرسکتے ہیں، جس کیلئے انہیں کسی نادرا دفترجانے کی ضرورت نہیں۔ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ ایپ میں شامل نئی خصوصیات کے تحت صارفین اپنے خاندان کے تمام افراد، ان کی تشکیل اوردیگراہم معلومات تک فوری رسائی حاصل کرسکتے ہیں اورایپ کے ذریعے مختلف دیگر شناختی خدمات بھی بآسانی انجام دی جا سکتی ہیں، ادارہ ڈیجیٹل سہولت کاری کے دائرہ کارکومزید وسعت دینے کیلئے سرگرم ہے تاکہ صارفین کو جدید، محفوظ اور تیزترسہولیات فراہم کی جا سکیں۔

علاوہ ازیں نادرا نے شناختی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ درخواست دہندگان کو نادرا سینٹرز کا دورہ کرتے وقت اصل دستاویزات ساتھ لانا ہوں گی، بی فارم یا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے لیے فوٹو کاپی کی ضرورت نہیں، کسی اور کے شناختی کارڈ کو بطور ضمانت استعمال کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، شہری مالی پیشکشوں یا انعامات کے بدلے اپنی ذاتی معلومات یا فنگر پرنٹس کا اشتراک نہ کریں، غیر ضروری فوٹو کاپیاں لے جانے سے گریز کریں اور پروسیسنگ کے لیے صرف اصل دستاویزات لائیں۔